فضاءمیں شہر بسانے کی تیاریاں
لندن (نیوز ڈیسک) جدید ترقی یافتہ شہروں میں آبادی بھی بے پناہ بڑھ رہی ہے اور بلند و بالا عمارتوں کی بھی بھرمار ہے۔ ان عمارتوں نے شہروں کا قدرتی حسن چھین کر انہیں اینٹوں اورپتھروں سے ڈھانپ دیا ہے۔
لندن کا شمار بھی دنیا کے ترقی یافتہ ترین شہروں میں ہوتا ہے اور یہاں بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے ایک ایسی عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو ایک عمودی شہر ہوگی اور اس میں رہائشی، کاروباری اور تفریحی مقامات کے علاوہ قدرتی مناظر اور درختوں کے جھنڈ بھی ہوں گے۔
اس کی ایک منفرد بات یہ ہے کہ اس میں داخل ہونے کے بعد بالکل کسی عام شہر کی طرح آپ چلتے ہوئے گھروں، دکانوں، پارکوں اور جنگلوں سے گزرتے ہوئے جہاں چاہے چلے جائیں۔ اس عمودی شہر میں کسی عام بلڈنگ کی طرح سیڑھیاں یا لفٹ نہیں ہوں گی بلکہ سڑک نما راستہ زمین سے شروع ہوکر ہزاروں فٹ کی بلندی تک چلا جائے گا۔
اس کا ڈیزائن اس طرح بنایا گیا ہے کہ اس میں ہر طرف سے تازہ ہوا اور سورج کی روشنی داخل ہوسکے اور مصنوعی روشنی اور بجلی کے استعمال کی ضرورت کم از کم پیش آئے کسی عام عمارت کے برعکس اس کا ماحول بالکل تروتازہ اور فطری خوبصورتی سے بھرپور ہوگا۔ یہ محض ایک دفتری یا رہائشی عمارت نہیں ہوگی بلکہ ایک ایسا شہر ہوگا جس میں رہائشی علاقے ہوں گے۔ لوگوں کے دفاتر ہوں گے سیر و تفریح کیلئے باغات ہوں گے اور بڑے بڑے شاپنگ سنٹر بھی ہوں گے۔ اس کا ڈیزائن ”شوئرآرکیٹیکچر“ نامی کمپنی نے بنایا ہے۔