سکھر میں عالمی معیار کا ہسپتال بنایا گیا:صدر آصف علی زرداری
سکھر (ڈیلی پاکستان آن لائن )صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سکھر میں عالمی معیار کا ہسپتال بنایا گیا، حیدرآباد میں ہسپتال کی تعمیر کے لئے میں نے اپنی ذاتی زمین وقف کی ہے، وہاں بھی ڈاکٹر عاصم سے ہسپتال بنوائیں گے۔
صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں ڈاکٹر ضیاالدین ہاسپٹل یونیورسٹی کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کو جس قیمت کی درخواست کی، انہوں نے اس سے سستی قیمت میں ہمیں زمین دی، ہسپتال قائم کرنے کی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بنانے کا خرچہ سندھ حکومت ادا کرے گی، ڈاکٹر عاصم کے خاندان کی صحت کے شعبے میں شاندار خدمات ہیں، حیدرآباد میں ہسپتال کی تعمیر کے لئے میں نے اپنی ذاتی زمین وقف کی ہے، وہاں بھی ان سے ہسپتال بنوائیں گے۔
صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سکھر کی خدمت ایسے کریں گے جیسے باقی شہروں کی کرتے رہے ہیں، روہڑی کینال کو پختہ کیا جارہا ہے، سالانہ بنیادوں پر 15 ارب روپے روہڑی پر خرچ ہوں گے جو کہ آپ کے کاربن کریڈٹ سے آئے ہیں، ان پیسوں کو اس لئے لگایا جارہا ہے تاکہ سارا پانی یہاں سے پکا ہوکر نکلے۔