طرزِ زندگی میں وہ ایک تبدیلی جس سے آپ کی عمر 100 سال ہوسکتی ہے
روم (ڈیلی پاکستان آن لائن) اگر آپ 100 سال کی عمر تک پہنچنا چاہتے ہیں اور اپنی طویل زندگی کا جشن منانا چاہتے ہیں، تو ایک آسان طرزِ زندگی کی تبدیلی آپ کی کامیابی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ مشہور اطالوی ماہر ڈاکٹر والٹر لونگو کے مطابق لمبی عمر پانے والے افراد کا ایک عام معمول رات کے کھانے کا "ہلکا اور جلدی کھانا" ہوتا ہے۔
ڈیلی میل کے مطابق ڈاکٹر لونگو کا کہنا ہے کہ رات کا زیادہ کھانا جسم کے لیے کھانے کو میٹابولائز کرنا مشکل بنا دیتا ہے جس سے ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے رات کا کھانا جلدی کھائیں اور اگلے دن کے ناشتے کے درمیان 12 گھنٹے کا وقفہ رکھیں۔ایک تحقیق کے مطابق کھانے کے وقت کی اہمیت بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی کھانے کی قسم اہم ہے۔
ڈاکٹر لونگو نے جی کیو میگزین کو بتایا کہ رات کا کھانا سونے سے تین گھنٹے پہلے ختم کر لینا بہتر ہے کیونکہ دیر سے کھانے سے جسم کی سرکیڈین ردھم متاثر ہو سکتی ہے۔ یہ دن اور رات کے دوران جسم کے افعال کو کنٹرول کرتی ہے۔انہوں نے کہا "اگر آپ دیر سے کھانے کے باوجود اچھی نیند لے رہے ہیں اور آپ کا کولیسٹرول اور بلڈ پریشر ٹھیک ہے، تو آپ ٹھیک ہیں۔ لیکن اگر آپ نیند کے مسائل یا صحت کے دیگر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں تو آپ کو ناشتہ اور دوپہر کا کھانا زیادہ اور رات کا کھانا کم کرنا چاہیے۔"
ریسرچز نے یہ بھی ظاہر کیا ہے کہ دالیں، مکمل اناج، سبزیاں، خشک میوہ جات اور زیتون کا تیل عمر بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔