ماضی میں جی ایچ کیو، مہران ایئر بیس جیسے واقعات کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوا یا انسداد دہشتگردی عدالتوں میں ،جسٹس حسن اظہر رضوی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آئینی بنچ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ میں نے پہلے بھی آپ سے ایک سوال پوچھا تھا، ماضی میں جی ایچ کیو، مہران ایئر بیس جیسے حساس مقامات پر حملے ہوئے، کیا ان واقعات کی شدت زیادہ نہیں تھی،ایسے واقعات کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوا یا انسداد دہشتگردی عدالتوں میں ہوا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آئینی بنچ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت جاری ہے،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی بنچ سماعت کررہاہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ 21ویں آئینی ترمیم اس لئے ہوئی کیونکہ ملک حالت جنگ میں تھا،خواجہ حارث نے کہاکہ 21ویں ترمیم ہوئی کیونکہ ان واقعات میں جرائم آرمی ایکٹ میں نہیں آتے تھے،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ نیکسز کا مطلب کیا ہوتا ہے،نیکسز کا ایک مطلب تو گٹھ جوڑ، تعلق، سازش یا جاسوس کیساتھ ملوث ہونا ہے،نیکسز کی دوسری تعریف یہ ہو سکتی ہے کہ ایسا جرم جو فوج سے متعلقہ ہو، وکیل وزارت دفاع خواجہ حارث نے کہاکہ نیکسز کا مطلب ورک آف ڈیفنس میں خلل ڈالنا ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ ورک آف ڈیفنس کی تعریف کو تو کھینچ کر کہیں بھی لے جایا جا سکتا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ سپریم کورٹ سے ایک شخص کو 34سال بعد رہائی ملی،کسی کو 34سال بعد انصاف ملنے کا کیا فائدہ،ہم صرف یہ دیکھ رہے ہیں کسی کے حقوق متاثر نہ ہوں،وکیل وزارت دفاع نے کہا کہ 34سال بعد کسی کو رہائی دینا انصاف تو نہیں،جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ میں نے پہلے بھی آپ سے ایک سوال پوچھا تھا، ماضی میں جی ایچ کیو، مہران ایئر بیس جیسے حساس مقامات پر حملے ہوئے،21ویں ترمیم کے فیصلے میں کہا گیا 2002سے ترمیم تک 16ہزار حملےہوئے،ایسے واقعات میں حساس مقامات پر تعینات اہلکاروں کی شہادتیں ہوئیں،ایک واقعہ میں 2طیارے تباہ ہوئے، قومی خزانے کو اربوں کا نقصان ہوا، کیا ان واقعات کی شدت زیادہ نہیں تھی،ایسے واقعات کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوا یا انسداد دہشتگردی عدالتوں میں ہوا۔
وکیل وزارت دفاع نے کہاکہ جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوا تھا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ کیا ٹرائل 21ویں ترمیم سے قبل ہوا تھا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ جی ایچ کیو حملے میں مجرمان کا ٹرائل 21ویں ترمیم سے قبل فوجی عدالت میں چلایا گیا، وکیل وزارت دفاع نے کہاکہ مہران ایئربیس پر حملہ آور تمام دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک کر دیئے گئے تھے،اس لئے وہاں ملٹری ٹرائل کی ضرورت ہی نہیں پڑی،فوجی امور میں مداخلت کی تعریف نہ آنے والے جرائم کیلئے ترمیم کی گئی تھی۔