حنا پرویز بٹ کا چکوال میں خاتون کے بہیمانہ قتل پر نوٹس،قاتل کو عبرت کا نشان بنایا جائیگا : چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن اور مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے چکوال کے علاقے تھانہ صدر تلہ گنگ کے قریب شوہر کے ہاتھوں کائنات بی بی کے بہیمانہ قتل کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ کو اس کے شوہر محمد شبیر نے گھریلو جھگڑے کے دوران ڈنڈوں سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ خاتون2 سال سے اولاد سے محروم تھی اور شوہر کی جانب سے مسلسل ذہنی و جسمانی تشدد کا شکار رہی۔
حنا پرویز بٹ نے اس افسوسناک واقعے کو ریاست، معاشرے اور قانون کے منہ پر طمانچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قتل صرف ایک عورت کا نہیں، ہر اُس بیٹی، بہن اور ماں کا ہے جو گھر میں تحفظ کے بجائے تشدد سہتی ہے۔ میں یہ وعدہ کرتی ہوں کہ قاتل کو صرف گرفتار نہیں، عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی گئی ہے اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی پولیس اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مریم نواز کا پنجاب ہے، جہاں عورت کے آنسو فائلوں میں دفن نہیں کیے جاتے ، فوری انصاف دیا جاتا ہے۔
پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے اس کیس کی مسلسل مانیٹرنگ شروع کر دی ہے اور مقتولہ کے ورثاء سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ قانونی معاونت فراہم کی جا سکے۔
مزید برآں، حنا پرویز بٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس کیس کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جائے تاکہ معاشرے میں ایسی ذہنیت کو کچلا جا سکے جو خواتین پر ظلم کو معمول سمجھتی ہے۔