زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں
منگلیش لڑکی اور لڑکے کی شادی کا حل
فائزہ شبیر
سوال: آپ نے مجھے بتایا کہ میں منگلیش ہوں۔ آپ نے یہ بھی بتایا کہ روحانی طریقے سے اس کا توڑ کیا جا سکتا ہے۔ مہربانی فرما کر آپ مجھے یہ بتائیں کہ اس کا کیا طریقہ ہے اس کی مدت کب سے کب تک کی ہے؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں منگلیش کا توڑ منگلیش ہی ہوتا ہے۔ یعنی ایسے منگلیش کی شادی اگر منگلیش سے ہو جائے گی تو منگلیش اثرات ختم ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا شادی سے پہلے لڑکا اور لڑکی کا موازنی زائچہ بنایا جاتا ہے تاکہ منگلیشی پن اور طالع کے مابین موافقت کو دیکھا جا سکے اور وقت سے پہلے یا کوئی منفی اثرات آنے سے پہلے منگلیشی کنڈلی کا حل کیا جائے۔ روحانی طریقہ کے لحاظ سے منگلیشی لوگوں کو منگل کے روز بڑے گوشت کا صدقہ دینا چاہیے، رد نحوست کا وظیفہ پڑھنا چاہیے۔ لوح زہرہ بنوائیں۔ نکاح کا سعد وقت اور دن مقرر کرنا چاہیے۔ نکاح سے پہلے لڑکا لڑکی کو سرخ مرغ یا سرخ بکرے کا صدقہ دینا چاہیے۔ کوشش کرنی چاہیے کہ شادی 30 سال کی عمر کے بعد ہو۔ یہ تمام معاملات منگلیشی اثرات کو ختم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ زوجین کو ذہنی اور نفسیاتی طور پر بھی تیار ہونا چاہیے کہ اگر وہ منگلیشی ہیں تو ازدواجی تعلقات میں کسی قسم کی غلطی فہمی پیدا ہونے سے بچیں۔ ان تمام معاملات سے انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
ازدواجی زندگی
ارم حبیب۔۔۔ فیروزوالا
سوال: میری شادی کب اور کہاں ہو گی، ازدواجی زندگی کیسی گزرے گی؟ نام کا پہلا حرف بھی بتا دیں۔
جواب: آپ کی شادی میں ابھی دیر ہے، آپ کی شادی اپنوں میں ہی ہو گی۔ ازدواجی زندگی میں ملے جلے اثرات ہے۔ نام کا پہلا حرف: م، ح ہو سکتا ہے۔
صلح یا فیصلہ؟
سلمیٰ۔۔۔ تلہ کنگ
سوال: میرے دو بچے ہو چکے ہیں لیکن میں گھریلو جھگڑوں سے بہت تنگ ہوں۔ یہ تمام جھگڑے شوہر کے بہن بھائیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ یہ لوگ مجھے چین سے زندگی بسر کرنے نہیں دیتے۔ پہلے بھی دو سال میکے میں رہنے کے بعد صلح ہوئی تھی اب پھر وہی صورت حال ہے۔ اب پھر میکے میں ہوں۔ مجھے بتا دیں کہ کیا صلح ہو جائے گی یا فیصلہ اور میرے حالات کب تک ٹھیک ہونگے؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق موجودہ حالات میں بہتری 2019ء کے بعد ممکن ہے، لڑائی جھگڑے سے پرہیز کریں۔ اپنا غصہ یا ذہنی انتشار کسی پر ظاہر نہ کریں۔ حالات کو صبر وتحمل سے برداشت کریں۔ مالی طور پر خود کو مضبوط کریں، اس کے لئے آپ کوئی ہنر بھی سیکھ لیں تاکہ برے وقت میں اس کے ذریعہ اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔ پریشانی دور کرنے کے لئے نمازِ تہجد کے بعد نمازِ حاجت ادا کریں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
کمزورنیپچون اور عطارد
اسلم علی۔۔۔ ملتان
سوال: میں بہت عرصے سے ڈپریشن کا مریض ہوں۔ کوئی مسئلہ یا پریشانی ہو تو ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں، خود اعتمادی نہیں ہے۔ تعلیمی میدان اور روزمرہ زندگی کے معاملات میں بری طرح ناکام ہوں۔ براہ مہربانی میرا زائچہ دیکھ کر بتائیں کہ میرے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے اور کوئی روحانی حل بھی بتا دیں تاکہ میرا مسئلہ حل ہو جائے۔
جواب: آپ کے زائچہ پیدائش کے مطابق نیپچون اور عطارد کی حالت میں کمزوری کے باعث انسان ذہنی اور نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے۔ ان میں سے ڈپریشن بھی ایک بیماری ہے۔ اب آپ کے مسئلے کی تشخیص ہو چکی ہے۔ دماغی ترقی کے لئے آپ لوح عطارد بنوا کر پاس رکھیں۔ منگل اور بدھ کے روز صدقات دیں۔ موافق نگینہ زمرد پہنیں، ’’یاعلیم‘‘ کا ورد کثرت کے ساتھ کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ روحانی اور میڈیکل علاج دونوں کرائیں، انشاٗ اللہ بہتری ہو گی۔
گھریلو جھگڑے
عاصمہ علی۔۔۔ کراچی
سوال: ہم تین بہن بھائی ہیں ہماری آپس میں بنتی نہیں ہے۔ ہر وقت آپس میں لڑائی جھگڑا رہتا ہے۔ اس وجہ سے ہمارے گھر میں پریشانی بھی رہتی ہے۔ آپ مہربانی فرما کر یہ بتائیں کہ یہ مسئلہ کب حل ہو گا؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں آپ کے زائچہ کے مطابق طالع پیدائش برج حمل عقرب اور برج اسد ہے۔ جس کی وجہ سے طالع میں موافقت کم ہے۔ مزید آپ کے گھر کا نمبر بھی نحس ہے جو کہ زحل کا عدد ہے۔ آپ کے گھر میں جادو کے نحس اثرات بھی نظر آرہے ہیں اس وجہ سے گھریلو ماحول میں لڑائی جھگڑا اور پریشانی نظر آتی ہے۔ آپ اس کا روحانی تدارک کرائیں، صدقات دیں، روحانی تدبیر اختیار کریں، انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
....
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )