طیارہ حادثے پر پیوٹن کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد قازقستان کے صدر کا سخت رد عمل
باکو(ڈیلی پاکستان آن لائن)قازقستان میں آذربائیجان کے طیارہ حادثے کے حوالے روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن کی معذرت کے بعد آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بھی بیان جاری کردیا اور روس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ حادثے کے شکار طیارے کو روس کی سرزمین سے ہونے والی فائرنگ سے نقصان پہنچا۔
آذربائیجان کے نشریاتی ادارے کے مطابق صدر الہام علیوف نے کہا کہ 38 افراد کی زندگیاں چھیننے والے الم ناک حادثے کا شکار طیارہ روس کی طرف سے ہونے والی فائرنگ کا نشانہ بنا۔انہوں نے کہا کہ اس بات پر افسوس ہے کہ روس میں چند حلقوں نے آذربائیجان کے مسافر طیارے کے حادثے سے متعلق حقائق چھپانے کی کوشش کی اور حادثے کی وجوہات پر جھوٹا بیانیہ پیش کیا۔قبل ازیں ہفتے کو روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن نے الہام علیوف کو فون کرکے طیارہ حادثے پر معذرت کی تھی اور روس کی سرزمین پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔آذربائیجان کے طیارہ حادثے پر یوکرین اور امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی ایئرڈیفنس کی فائرنگ سے طیارہ گرکر تباہ ہوگیا ہے اور اسی طرح کا بیان آذربائیجان کے حکام کی طرف سے بھی آیا تھا۔دوسری جانب روس نے اس تاثر کو رد کیے بغیر اس سے قبل از وقت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس حوالے سے انکوائری کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔