چور دروازے اور ایمپائر کی انگلی پر چلنے والا شخص بات چیت پر یقین نہیں رکھتا: عظمیٰ بخاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ ڈیل کی امید ختم ہونے پر اڈیالہ جیل کے قیدی نےمذاکرات ہی ختم کر دیئے ہیں۔چور دروازے اور ایمپائر کی انگلی پر چلنے والا شخص بات چیت پر یقین نہیں رکھتا۔کوچ کی انگلی پر ناچنے والا فراڈیا اسکے پکڑے جانے کے بعد اب سیاسی یتیم ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کا ذکر کئے بغیر آج بھی ان لوگوں کی سیاست مکمل نہیں ہوتی۔این آر او کا متلاشی پی ٹی آئی کاسرٹیفائیڈ کرپٹ لیڈراور اسکا کرپٹ خاندان ہے ،اس میں نوازشریف کا قصور نہیں۔ مریم نواز کو پنجاب کے لوگوں کی خدمت سے فرصت نہیں ہے۔ وہ آئےدن پنجاب کے عوام کے لئے انقلابی منصوبے لا رہی ہیں۔ مذاکرات کا بخار پی ٹی آئی کے لوگوں کو ہی چڑھا تھا جو ڈیل نہ ملنے کی مایوسی کے بعد اتر چکا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کو نواز شریف نے نہیں کہا تھا 9 مئی اور 26 نومبر کی بغاوتیں کرو۔بانی پی ٹی آئی کی پوری زندگی بیساکھیوں کے سہارے گزری ہے اور بیساکھیوں پر چلنے والا شخص کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔ جو شخص اپنے علاوہ کسی کو اہمیت نہیں دیتا ایسے شخص سے بات چیت کرنا بھی وقت کا ضیاع ہے۔ یہ خود ہی کہتا تھا چوروں، ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کی جگہ جیل میں ہوتی ہے۔وقت کی ستم ظریفی دیکھیں آج 9 مئی کے دہشتگرد اور توشہ خانہ کے چور این آر او مانگنے کے لیے چور دروازے تلاش کر رہے ہیں۔