لیبیا کشتی حادثہ کیس میں گرفتار 2انسانی سمگلرز کو 17، 17 سال قید کی سزا
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)عدالت نے لیبیا کشتی حادثے سے متعلق مقدمے میں 2انسانی سمگلرز کو 17، 17 سال قید کی سزا سنادی۔
راولپنڈی میں سپیشل جج سنٹرل امجد علی شاہ نے فیصلہ سنا دیا، دونوں مجرمان کو 65 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
مجرمان فیض اللہ خان اور اسلام خان نے راولپنڈی کے نوجوانوں عثمان اور شکیل کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دیکر 65 لاکھ وصول کئے اور دونوں نوجوانوں کو اٹلی بجائے لیبیا میں پھنسا دیا گیا تھالیبیا میں دونوں کو چھوڑ کر مجرمان غائب ہوگئے تھے، بعد ازاں دونوں کشتی سے اٹلی جانے کوشش میں لیبیا سمندر میں کشتی ڈوبنے سے جاں بحق ہوگئے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ دونوں مجرمان سے جرمانہ کی رقم وصول کر کے والدین کو دی جائے۔ مجرمان عادی انسانی سمگلرز ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ضمانت پر رہا مجرمان کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔
واضح رہے کہ دونوں مقتول نوجوانوں کی لاشیں بھی تاحال نہیں مل سکی ہیں۔