پتوکی میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑی، 5 دن میں 6 بچے جاں بحق، 6 کی حالت تشویشناک
پتوکی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پتوکی اور اس کے نواحی علاقوں میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑی، وبائی مرض نے 5 دن میں 6 بچوں کی جان لے لی جبکہ مزید 6 کی حالت تشویشناک ہے۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز"کے مطابق پتوکی کے نواحی علاقوں میں خسرے کی مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 5 دن کے دوران 6 بچے موذی مرض کی وجہ سے دم توڑ گئے اور مزید 6 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
متاثرہ بچوں کے والدین نے ہسپتال انتظامیہ پر غفلت برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے بچے جان کی بازی ہار گئے۔ لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے محکمہ صحت کے ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر خسرے سے بچوں کی ہلاکتوں کی خبر وائرل ہونے کے بعد ڈی ایچ او قصور اور ڈی ڈی ایچ او پتوکی ٹیم کے ہمراہ متاثرہ علاقے ٹھٹھہ کمیانہ پہنچ گئے ہیں، انہوں نے متاثرہ علاقے کا معائنہ کیا، خسرے سے بچاؤ کیلئے ضروری اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔