ہزاروں سال قبل مصر میں کینسر کا علاج سرجری سے کرنیکی کوشش کی گئی: تحقیق
قاہرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )کینسر موجودہ عہد کے سنگین ترین امراض میں سے ایک ہے اور اس کا علاج بھی بہت مشکل سے ہوتا ہے۔مگر زمانہ قدیم میں بھی یہ مرض موجود تھا اور اس کا علاج کرنے کی کوشش کی جاتی تھی۔
قدیم مصر میں لوگوں کی جانب سے کینسر کا علاج سرجری کے ذریعے کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی جس میں کینسر کے علاج کے قدیم ترین شواہد دریافت کئے گئے۔اس سے قبل بھی ہزاروں برس پرانی تحریروں سے معلوم ہوا تھا کہ قدیم مصری طبی شعبے میں کافی پیشرفت کر چکے تھے اور متعدد امراض کو شناخت کرکے علاج کرتے تھے۔مگر اب پہلی بار معلوم ہوا ہے کہ وہ کینسر کا علاج کس طرح کرتے تھے۔Santiago de Compostela یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران قدیم کھوپڑیوں کی جانچ پڑتال کے دوران کینسر زدہ زخموں کے گرد سرجری کے نشانات دریافت کئے گئے۔
اس سے عندیہ ملتا ہے کہ قدیم مصری کینسر کے علاج کے لئے مختلف تجربات کرتے رہے تھے۔محققین نے بتایا کہ نتائج سے طبی تاریخ کے حوالے سے ہمارے علم میں تبدیلیاں آئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ کینسر کی رسولی سے متعلق سرجری کے قدیم ترین شواہد ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسا علاج کے لئے کیا گیا یا پوسٹ مارٹم کے لئے، ہمارے لئے مصدقہ طور پر کہنا ممکن نہیں، مگر یہ واضح ہے کہ انہوں نے اس مرض کے علاج کی کوشش کی تھی۔اس تحقیق کا مقصد یہ سمجھنا تھا کہ زمانہ قدیم میں کینسر کا کردار کیا تھا اور قدیم معاشروں میں یہ مرض کس حد تک پھیلا ہوا تھا۔
انہوں نے 2 مصری کھوپڑیوں کی جانچ پڑتال کی جن میں سے ایک 2687 سے 2345 سال قبل مسیح کے عہد کی تھی جبکہ دوسری 663 سے 343 قبل مسیح کی تھی۔پہلی کھوپڑی میں کینسر کی موجودگی کے شواہد ملے جن کے گرد سرجری کے نشانات بھی تھے۔محققین نے بتایا کہ یہ شواہد کینسر کی رسولی کی سرجری کا عندیہ دیتے ہیں اور یہ ثابت ہوتا ہے کہ قدیم مصریوں کی جانب سے اس مرض کو سمجھنے کی کوشش کی گئی تھی۔دوسری کھوپڑی میں بھی کینسر کے ایک زخم کا نشان تھا اور محققین نے بتایا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ زمانہ قدیم میں بھی کینسر کافی عام تھا۔کینسر ہسٹری پراجیکٹ کے مطابق قدم مصری کینسر سے واقف تھے اور اس حوالے سے شواہد 3 ہزار سے 2500 سال قبل مسیح کے عہد کی تحریروں سے ملتے ہیں۔