احسن اقبال کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
مقامی وکیل کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے عدلیہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اور چیف جسٹس کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، اس لیے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرکے انہیں نا اہل کیا جائے۔ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے جس کی آئندہ ہفتے سماعت متوقع ہے۔
بہت ہوگیا! چیف جسٹس صاحب کو گالیاں دینے کا اختیار نہیں ہماری بھی عزت ہے، احسن اقبال
واضح رہے کہ کچھ روز پہلے احسن اقبال نے اپنی ایک تقریر کے دوران کہا تھا کہ اگر چیف جسٹس کی عزت ہے تو ہماری بھی عزت ہے، ہماری بھی اتنی عزت ہے جتنی کسی جج یا فوجی کی ہے، چیف جسٹس کو اختیار نہیں کہ وہ ہمیں طعنے دیں، بہت ہوگیا چیف جسٹس صاحب! ہم نے ہمیشہ باعزت طریقے سے سیاست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھی پاکستان کے ساتھ مخلص اور پیار کرتے ہیں،ہماری بھی عزت ہے،جتنا کوئی فوجی محب وطن ہے اتنے سیاست دان بھی ہیں، اگر کوئی جج محب وطن ہے تو سیاست دان بھی محب وطن ہیں۔