گوجرانوالہ: یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلروں سمیت 9 ملزمان گرفتار
گوجرانوالہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلروں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کر کے ملزمان کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا، ملزمان کی شناخت محمد شفیق، عظمت علی، خضر حیات، مرزا سکندر، محمد نواز، شاہد امین، شہزاد یوسف، ظفر اقبال، اسد عباس کے نام سے ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ ایجنٹ ظفر اقبال کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم معصوم بچوں کے اغواء اور بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پایا گیا جسے منڈی بہاو¿الدین سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے کمسن بچے کو اٹلی براستہ لیبیا بھجوانے کے نام پر 19 لاکھ روپے اور 2300 یورو ہتھیائے، سفر کے دوران یونان کے ساحل پر کشتی کو حادثہ پیش آیا اور بچے کی موت واقع ہوئی۔
اس کے علاوہ لیبیا کشتی حادثے میں ملوث اشتہاری ملزم شہزاد یوسف کو کھاریاں سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے شہری کو ملازمت کی غرض سے اٹلی براستہ لیبیا بھجوانے کے نام پر 23 لاکھ روپے ہتھیائے، بعد ازاں ملزم نے متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد شفیق اور خضر حیات نے متاثرہ شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یونان بھجوانے کے نام پر فی کس 40 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم عظمت علی نے یونان ملازمت کا جھانسہ دے کر شہری سے 50 لاکھ روپے بٹورے جبکہ ملزم مرزا سکندر نے شکایت کنندہ کے 2 بیٹوں کو یورپ ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلئے 50 لاکھ روپے وصول کئے۔
حکام کے مطابق ملزم محمد نواز نے شہری کو کمبوڈیا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلئے 10 لاکھ سے زائد رقم
وصول کی جبکہ ملزم شاہد امین نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلئے 17 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے، انسانی سمگلر اسد عباس نے متاثرہ شہری کو یونان بھجوانے کیلئے 20 لاکھ روپے وصول کئے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہوگئے تھے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔