وزیر اعظم کا خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ افراد کیلئے 10 ارب روپے  امداد کا اعلان 

وزیر اعظم کا خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ افراد کیلئے 10 ارب روپے  امداد کا ...
وزیر اعظم کا خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ افراد کیلئے 10 ارب روپے  امداد کا اعلان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کالام (ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کیلئے  25 ہزار روپے فی کس فراہمی کی مد میں  10 ارب روپے امداد دینے کا اعلان کیا  اور کہا کہ  اتحادی حکومت آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے  گی۔

اے پی پی کے مطابق آج وزیراعظم شہباز شریف نے  خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کالام اور سوات کا دورہ کیااور کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی  سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے خطرے سے نکل چکا ہے ، اللہ کرے کہ پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو، ہم پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویاہوا مقام واپس دلانے کے لئے کوشاں ہیں،اللہ تعالیٰ  نے پاکستان کو انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ان علاقوں میں پھنسے تمام سیاحوں کو جمعرات تک نکال لیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم نے کہا کہ آج میں  خیبر پختونخوا  کے دورہ پرآیا ہوں لوگوں سے ملا ہوں۔ان سے بات چیت کی، یہاں سنٹر میں عورتوں،بچوں سمیت کافی سیاح بھی موجود ہیں انہیں ان کے گھروں تک پہنچا دیں گے،افواج پاکستان کے ہیلی کاپٹر انہیں نکال رہے ہیں، یہاں پھنسے تمام سیاحوں کو نکالیں گے،مدین،بحرین کالام میں دریامیں پانی چڑھنے سے تباہی ہوئی ،کوئی شک نہیں کہ یہ قدرتی آفت ضرور تھی  لیکن ناقص انسانی منصوبہ بندی کی وجہ سے یہ نقصان ’’مین میڈ‘‘ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  ہوٹل دریاؤں میں اور  پانی میں غلط طور پر تعمیر کئے گئے ، پل بھر میں یہ مسمار ہوئے،گھروں کو نقصان پہنچا،پل سڑکیں متاثر ہوئیں ،  حکومت پاکستان  صوبائی حکومت ،مسلح افواج پاکستان،این ڈی ایم اے،منتخب نمائندے،انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر دن رات مدد کررہے ہیں ، یہاں سے سیاحوں کے انخلاء کا عمل دن رات جاری ہے اس پر آرمی چیف اور ائیر چیف کے شکر گزار ہیں ، بتایا گیا ہے کہ جمعرات تک یہاں پھنسے تمام سیاحوں کو نکال لیا جائے گا یہاں تباہی  دریا  کے بپھر جانے کی وجہ سے آئی ہے ، سندھ  بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے  ایک ہزار سے زیادہ  لوگ جاں بحق ہوئے، تمام میدانی علاقے سمندر کا منظر پیش کررہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہزاروں لوگ زخمی  جبکہ لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں ، انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ، 7 لاکھ جانور پانی میں بہہ گئے ، لاکھوں ایکڑ اراضی پر  فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ، کھجور کےدرخت،چاول ، کپاس کی فصل تباہ ہوئی،  لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے پناہ لئے ہوئے ہیں، پوری قوم کی کاوش سے انہیں محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے، میں صوبائی حکومتوں،پاک فوج اور اینڈی ایم و پی ڈی ایم کو شاباش دیتا ہوں جو متاثرین کی بحالی کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سڑکیں  اور پل ٹوٹ گئے ،بجلی کانظام درہم برہم ہوا ہے ،  وزیر توانائی سندھ اور سیکرٹری بلوچستان میں ہیں  ، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے بھرپور انداز میں فعال ہیں ، وفاقی حکومت   28 ارب روپے این ڈی ایم اے اوربی  آئی ایس پی کے ذریعے دے رہی ہے ، سندھ و بلوچستان میں25 ہزار روپے فی خاندان  کے حساب سے تقسیم جاری ہے  ، سندھ میں  15 ارب اور بلوچستان کے لئے 10 ارب روپے فراہم کئے ہیں،نقصان اس سے بھی زیادہ ہے ، مزید رقم فراہم کریں گے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -