بادشاہ چارلس نے میئر لندن صادق خان کو اہم اعزاز سے نواز دیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے میئر لندن صادق خان کو نائٹ کے اعزاز سے نواز دیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے میڈیا رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ صادق خان کو نائٹ کا انتہائی معتبر اعزاز لندن کے عوام کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صادق خان رواں برس مسلسل تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے، نائٹ کا اعزاز ملنے سے اب صادق خان کے نام سے پہلے سر بھی لکھا جائے گا۔
میئر لندن صادق خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائٹ کا اعزاز ملنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں، جنوبی لندن میں بچپن گزارتے وقت سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن شہر کا میئر بنوں گا۔
دوسری جانب صادق خان کو نائٹ کا اعزاز ملنے پر فارن سیکرٹری ڈیوڈ لیمی نے مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ صادق نے سکول ڈنر کی مفت فراہمی، صاف ہوا اور کونسل کے ریکارڈ گھر بنانے کے لئے اقدامات کئے۔
انہوں نے کہا کہ فخر ہے کہ برطانیہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں بس ڈرائیور کا بیٹا کابینہ کا رکن اور شہر کا میئربن سکتا ہے۔