چولستان میں بارشیں‘ پانی سے ٹوبے فل‘ لوگ خوش‘ ہرطرف گیتوں کی آوازیں

  چولستان میں بارشیں‘ پانی سے ٹوبے فل‘ لوگ خوش‘ ہرطرف گیتوں کی آوازیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان‘ بہاولپور‘ صادق آباد‘ لیاقت پور (نمائندہ خصوصی‘ بیورو رپورٹ‘ تحصیل رپورٹر‘ نامہ نگار) ملتان اور گردونواح میں بارش سے میپکو کا ترسیلی سسٹم متاثر ہوا۔ بیسیوں فیڈرز بند ہو ئے۔ بیشتر علاقوں میں رات گئے تک بھی بجلی بحال نہ ہو سکی۔ مزید براں مختلف علاقوں میں بجلی کے پولز گرنے‘ ایل ٹی(بقیہ نمبر44صفحہ7پر)

لائنیں ٹوٹنے‘ ٹرانسفارمرز اور بجلی کے میٹرز جلنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ صارفین مشکل میں آگئے۔ انہو ں نے متعلقہ سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز سے سرکاری موبائل فون نمبر ز پر رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر مختلف ایس ڈی اوز نے فون اٹینڈ نہیں کئے۔ صارفین میپکو دفاتر کے چکر لگاتے رہے۔بیشتر انفرادی شکایات کا ازالہ دوسرے روز بھی نہ ہو سکا جس کی وجہ لائن سٹاف کی کمی بتائی گئی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو موسم برسات میں بجلی کی فراہمی بحال رکھنے اورحفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق مون سون بارشوں میں بجلی کی طویل اور گھنٹوں بندش کی شکایات موصول ہونے پر نیپرا نے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نیپرا نے کراچی میں بجلی کی طویل بند ش اور کرنٹ لگنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے۔بارش کے باعث ریلوے کا خراب ہونے والا جدید سگنل 24 گھنٹے بعد بحال ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے ریلوے ملتان ڈویڑن میں واقع چیچہ وطنی، کسووال اور شیرشاہ سے پیراں غائب سیکشن میں جدید سگنل سسٹم جواب دے گیا تھا جس کے نتیجے میں ٹرینوں کو پرانے نظام پی ایل سی کے ذریعے چلایا گیا۔کراچی اور لاہور میں ہونے والی بارشوں کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت کا شیڈول ایک بار پھر درہم برہم ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ کراچی سے آنے والی 6 ٹرینیں 5 سے 6 گھنٹے جبکہ لاہور سے آنے والی 5 ٹرینیں 4 سے 5 گھنٹے کی تاخیر سے ملتان پہنچ رہی ہیں جس کی وجہ سے ٹرینوں کے انتظار میں مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔صحرائے چولستان میں ہونے والی حالیہ بارش کی وجہ سے ٹوبے اور ڈاہر پانی سے بھر گئے چولستان  کے علاقہ بجنوٹ،ٹوبہ گوارہ،ٹوبہ لاڑاں والی،ٹوبہ نوازے والی،ٹوبہ غلام والی،ٹوبہ بچے والی،ٹوبہ طالب والی،ٹوبہ پنجکوٹ،ٹوبہ محمد والامیں بارش کی وجہ سے  ٹوبے پانی سے بھر گئے  ان بارشوں کی وجہ سے چولستان کے ان علاقوں میں بسنے والے ہزاروں چولستانیوں اور ان کے جانوروں کو وافر مقدار میں پانی اور چارہ میسر ہو گا۔ صادق آباد میں ہلکی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،لوگوں نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا،پکوڑے اور سموسوں کی فروخت میں تیزی رہی جب کہ جیسے ہی بارش کی بوندیں گریں بجلی بیشتر علاقوں میں بند کر دی گئی جس کے باعث شہری شدیدی پریشانی کا شکار رہے۔کئی ماہ بعد لیاقت پور شہر اور ملحقہ علاقوں میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے تالابوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ کئی آبادیوں اور مارکیٹوں میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں اور دکانوں میں شامل ہوگیا۔ جس سے بھاری نقصان ہوا۔ چوک گھنٹہ گھر،مین بازار،عباسیہ روڈ، ریسٹ ہاؤس روڈ، اللہ والاچوک، اللہ آباد روڈ،جنرل بس اسٹینڈاور دیگر علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔ جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ شہر کے پارک بھی پانی سے بھر گئے۔ ڈرینج سسٹم نہ ہونے سے نکاسی آب میں مشکلات کا سامناہے۔ 50 سال پرانا سیوریج سسٹم ہلکی سی بارش پر اوور فلو ہوجاتاہے۔ میونسپل کمیٹی کے چیف سینٹری انسپکٹر عبدالطیف نے بتایا کہ شہر سے پانی نکالنے کیلئے عملہ صفائی متحرک ہے۔ سکر مشین خراب ہونے کے باوجود تمام عملہ اپنی ڈیوٹی پر ہے۔ پانی بہت زیادہ ہے اگر مزید بارش نہ ہوئی تو اگلے بارہ گھنٹے میں پانی نکال دیاجائے گا۔ دوسری طرف آج ہونے والی بارش کے دوران میپکو لیاقت پور کی طرف سے حیرت انگیز طورپر بجلی کی بندش دیکھنے میں نہیں آئی۔