'' قومی ٹیم کو سٹرائیک ریٹ فوبیا ہوچکا ہے، خدا کا واسطہ اس سے باہر نکلیں ،، انگلینڈ سے شکست کے بعد رمیز راجا کی رائے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق چیئرمین پی سی بی و کمنٹیٹر رمیز راجا نے انگلینڈ کیخلاف سیریز میں شکست کے بعد قومی ٹیم پر تنقید کے نشتر برسا دیے۔اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر و کمنٹیٹر رمیز راجا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے موجودہ سکواڈ میں ایسے کھلاڑی نہیں ہیں جو تیز اسٹرائیک ریٹ کیساتھ کھیل سکیں، ہمیں تجرباتی موڈ سے باہر نکلنا ہوگا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ہمیں اسٹرائیک ریٹ فوبیا ہوچکا ہے، خدا کا واسطہ اس سے باہر نکلیں ورنہ سٹرائیک ریٹ پر مبنی ٹیم بنانے کی کوشش کر کے سب کچھ برباد کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ بابر اور رضوان کی اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرکے ٹیم کو تباہ کردیا گیا ہے، ٹیم میں مڈل آرڈر کا کوئی کردار ہی سمجھ نہیں آرہا ہے، 2، 2 وکٹ کیپرز کھیل رہے ہیں، سپنرز سے گیند گھوم نہیں رہی ہے۔