حکومت کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے چاہئیں،قاری زواربہادر

حکومت کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے چاہئیں،قاری زواربہادر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئر مین مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملک وقوم کو کسی نئے بحران سے بچائیں،وطن عزیز اب مزید کسی دھینگا مشتی کا متحمل نہیں ہوسکتا حکمرانوں کوملکی استحکام اور سا لمیت کی خاطر پی ٹی آئی کی قیادت سے سنجیدہ مذاکرات کرکے ملک و قوم کو بدترین خطرات اور مار دھاڑ سے بچائیں۔ اگر حکمرانوں کو ملکی سا لمیت عزیز ہے تو غیر سنجیدہ اور زہر اگلنے والے شخص کی بجائے کسی باوقار،ذمہ دار اور سنجیدہ شخصیت کے ذریعے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا آغاز کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال پرلاہور میں مرکزی،صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سید محمد صفدر شاہ گیلانی،علامہ ابو یاسر اظہر حسین فاروقی،حافظ نصیر احمد نورانی،مفتی تصدق حسین،رشید احمد رضوی، مولانا محمد سلیم اعوان،پروفیسر محمد ارشد مہر،مفتی محمدجمیل رضوی، حافظ خلیل احمد مہروی،مولاناحاجی شوکت علی،مولانا لیاقت علی رضوی،پیر محمد منیر قادری،حافظ مستنصر احمد نورانی،مولانا شبیر حسین فریدی،مولانا محمد فیضان اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان کے مایہ ناز اور محب وطن صحافی ارشد شریف کی شہادت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے دعائے مغفرت اور78سالہ بزرگ صحافی چوہدری غلام حسین کی گرفتاری، دیگر صحافیوں پر تشدد،آزادی صحافت پر پابندیوں اور الیکٹرونک میڈیا پربے جا دباؤ کی شدید مذمت کی گئی۔