میٹرک کے سالانہ امتحان آج سے شروع ،3495 امتحانی مراکز قائم

لاہور( لیاقت کھرل) میٹرک کے سالانہ امتحانات سال 2015ء آج سے شروع ہو رہے ہیں جس میں تعلیمی بورڈ لاہور سمیت پنجاب بھر کے 9 تعلیمی بوروڈوں کے زیر اہتمام 3495 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جس میں 22 لاکھ 67 ہزار 364 امیدوار شرکت کریں گے جبکہ 50 سے زائد خصوصی چیکنگ سکواڈ اور 2100 سے زائد انسپکٹرز امتحانی مراکز میں بوٹی مافیا کے خلاف چھاپے ماریں گے۔ تعلیمی بورڈز کے ذرائع کے مطابق جبکہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اور بوٹی مافیا کے خاتمے کے لئے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔ امتحانی مراکز کے اردگرد کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے تھانوں کی پولیس اور ایلیٹ فورس کے گشت کے ساتھ تعلیمی بورڈوں کے حکام نے سیکیورٹی گارڈز کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا ہے ۔ امتحانی مراکز کے ارد گرد مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے سپیشل برانچ پولیس کے اہلکار تعینات ہوں گے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تعلیمی بورڈوں کے چیئرمینوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال اور ایمرجنسی پر فوری طور پر اطلاع دی جائے گی جس کے لئے لاہور بورڈ سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈوں کے زیر اہتمام قائم 3495 امتحانی مراکز میں آر آئی ، ڈی آئی اور سپرنٹنڈنٹس و ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس ہائی الرٹ رہیں گے۔ میٹرک امتحان