امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کی جانب سے نیپال کیلئے ’’ میپا تھون‘‘ کا انعقاد


لاہور(پ ر )امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں زلزلہ متاثرہ نیپال کے لئے ’’ میپا تھون‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔امریکی قونصلیٹ کو مییپاتھون کے انعقاد کیلئے یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی یونیورسٹی کا تعاون حاصل تھا۔میپاتھون میں 41 طالب علموں نے حصہ لیا جنہوں نے ’’ اوپن میپنگ ‘‘ ٹیکنالوجی کے ذریعے سڑکوں ، پلوں اور عمارات کے نقشہ جات بنائے جو زلزلہ سے متاثرہ نیپال کی بحالی کی عالمی کوششوں میں معاون ثابت ہونگے۔یہ امر قابل زکر ہے کہ صرف تین گھنٹوں کے دوران آن لائن میپنگ سافٹ ویئر کی مدد سے 2100سے زائد سڑکوں اور عمارات کے نقشے بنائے گئے ۔لاہور میپاتھون کو کمپیوٹر ورلڈ آئی ڈی جی ، کوکاکولا، نیو یارک پیزااور یو ایس ایڈ کاتعاون بھی حاصل تھا ۔ ڈیجیٹیل مارکیٹنگ پاکستان نے تقریب کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کی ۔پبلک افیئرز آفیسر ریچل چن نے ’’میپ فار نیپال میپاتھون‘‘ میں شرکت کی اور تقریب کے آخر پرطالبعلموں میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے ۔واضح رہے کہ اوپن میپ ڈیٹا کی مدد سے متاثرہ لوگوں کو بچانے کیلئے امدادی کارروائیاں کی جاتی ہیں ، یہ ڈیٹا نیپال میں امدادی کارروائیوں میں مصروف امریکی ریڈ کراس، نیپالی ریڈ کراس ، این جی اوز ، یو این ایجنسیزاور دیگر ادارے استعمال کر رہے ہیں۔