ریٹائراساتذہ اورملازمین کی پینشن

محکمہ تعلیم سکولز ملتان میونسپل کیڈر کے 488 ریٹائراساتذہ اورملازمین کی پینشن تین ماہ سے بند ہے جبکہ 60 ریٹائر حضرات تین سال سے گریجویٹی اور لیو اِن کیشمنٹ کے واجبات سے بھی محروم ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرین محکمہ تعلیم، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ اکاونٹس کے دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں لیکن کہیں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر میں جنرل کیڈر کے تمام اساتذہ اور ملازمین کی پینشن گزشتہ سال سے آن لائن ہوچکی ہے، ہائیکورٹ کے ملتان بینچ نے 2022ء  میں صوبائی سیکرٹری فنانس پنجاب اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو 40روز کے اندر اندر ریٹائرڈ میونسپل اساتذہ اورملازمین کی پینشن آن لائن کرکے مسئلہ مستقل حل کرنے کا حکم بھی دیا تھا تاہم اِس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ نگران صوبائی حکومت اِس مسئلے کے مستقل حل کے لئے فوری عملی اقدامات کرے  تاکہ ریٹائررڈ اساتذہ اور ملازمین اپنا گھر چلا سکیں۔