کپتانوں سے متعلق فیصلہ کوچز اور سلیکٹرز کریں گے، محسن نقوی کا دو ٹوک اعلان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ کپتانوں سے متعلق معاملات کوچز اور سلیکٹرز پر چھوڑے ہوئے ہیں وہ فیصلہ کریں گے۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں تعمیراتی پروجیکٹ کے معائنہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر تک بیسمنٹ کا کام مکمل کر لیا جائے گا، تین تین ہفتے میں ایک ایک فلور مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پویلین اسٹیل کا ہوگا، 31 دسمبر تک مین بلڈنگ تعمیر ہوگی جبکہ 31 دسمبر تک جو کام مکمل ہو سکتا ہو گا اسے مکمل کیا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ 22 ستمبر کو سب کو بلایا ہے یہ لوگ مشورے دیں گے پھر فیصلے ہوں گے۔چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی کہا کہ ٹیم اچھا نہ کھیلے، سلیکشن کی غلطی ہو یا کوچ کی، ہارنے کے بعد سب مجھ پر آتا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے پاکستان انگلینڈ سیریز کے ٹیسٹ پر دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہی ہو گی، کوئی ٹیسٹ باہر نہیں ہوگا، اس کےلیے ملتان اور راولپنڈی وینیوز فائنل ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ بورڈ سے رابطے میں ہیں، اس معاملے میں کوئی ایشو نہیں ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قذافی سٹیڈیم کے تمام انکلوژرز نئے بنیں گے۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی سٹیڈیم کا کام روک دیا گیا ہے، جو کام شروع کیا اسے ختم کیا جائے گا جبکہ کراچی سٹیڈیم میں کام تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دبئی کی طرز پر نیا سٹیڈیم بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کا کام چیمپئنز ٹرافی کے بعد شروع ہوگا، انٹرنیشنل ہوٹل چین کو لایا جائے گا، بورڈ کو ریونیو ملے گا۔