اسحاق ڈارکے خلاف کل(سوموار )اور شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت پرسوں (منگل کو )ہو گی،نواز شریف کی پیشی بھی متوقع
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ریفرنس پر پیر کو جب کہ شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت پرسوں(منگل کو )ہو گی ، عدالت نے سینٹراسحاق ڈارکے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے ہیں ،چار وں ریفرنسز میں شریف خاندان کی تمام چھ شخصیات کو طلب کیا گیا ہے، مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے فوری طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے ، پرسوں(منگل کو) نواز شریف کی ا حتساب عدالت میں پیش ہونے کی باقاعدہ تصدیق تو نہیں ہوئی تاہم وفاقی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان دونوں پیشیوں کے حوالے سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ، نیب کی جانب سے ملزمان کو اصالتاً طلب کرنے کا مقصد ریفرنسز کی کاپیاں سپرد اور فردجرم عائد کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نواز شریف کا ملک ہے ،واپس آکر اپنے کیسز کا سامنا کریں :قمرزمان کائرہ
تفصیلا ت کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے ہونے سے متعلق ریفرنس کی کل(سوموار کو) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمدبشیرخان کریں گے،عدالت نے گزشتہ سماعت کے موقع پر وزیر خزانہ کے پیش نہ ہونے پر قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور شخصی ضمانت پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ احتساب عدالت نے قرار دیا تھا کہ آئندہ سماعت پر اگر وزیر خزانہ پیش نہ ہوئے تو پھر عدالت ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرے گی ،دوسری طرف لاہور نیب سابق وزیر خزانہ کے اثاثے منجمند کرنے کے لئے اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کرچکا ہے اور اس حوا لے سے عملدرآمد رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔دوسری طرف احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت پرسوں (منگل کو) ہوگی ، یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو کی طرف سے عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر شریف خاندان اور وزیر خزانہ کے خلاف چار ریفرنسز احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کئے گئے ہیں ، یہ ریفرنسز 9 ہزار صفحات پر مشتمل ہیں، دو ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نوازشریف، حسین نواز اور حسن نواز جبکہ ایک ریفرنس میں شریف خاندان کی ان تینوں اہم شخصیات سمیت مریم صفدر اور کیپٹن (ر) صفدر کو فریق بنایا گیا ہے، اسی طرح چوتھا ریفرنس وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے آمدن سے زائداثاثے بنانے سے متعلق ہے ۔جاتی امراء کے موجودہ مکنیوں نے نیب عدالت اسلام آباد کے جاری ہونے والے سمن وصول کر لئے ہیں جبکہ جاتی عمرہ میں سابق وزیر اعظم کی طلبی کے نوٹسز بھی چسپاں کر دیئے گئے تھے اور نیب ہیڈکوارٹر کو اس بارے میں رپورٹ بھیج دی گئی ہے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر خان نے نوازشریف، حسین نواز، حسن نواز، مریم نواز، کیپٹن (ر) محمد صفدر کو منگل کے روز طلب کررکھا ہے، ملزمان کو کو طلب کرنے کا مقصد ریفرنسز کی کاپیاں سپرد اور فردجرم عائد کرنا ہے جبکہ فوجداری مقدمات میں ملزمان کا اصالتاً پیش ہونا قانونی تقاضا ہے۔
واضح رہے کہ نوازشریف، حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز،کیپٹن(ر)محمدصفدرکی طرف سے گزشتہ سماعت میں ان کی طرف سے سینٹرآصف کرمانی پیش ہوئے تھے، شریف خاندان کے یہ افراد اب خود پیش ہونگے ، تاہم اس حوالے سے کوئی مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں اور ویسے بھی سابق وزیر اعظم کے بچے پاکستان میں موجود نہیں اور نہ ہی ان کے بارے میں یہ اطلاع ہے کہ وہ کب تک پاکستان آئیں گے ؟تاہم ن لیگ کی وفاقی حکومت نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سابق وزیر اعظم کی احتساب عدالت میں متوقع پیشی کے حوالے سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے فوری طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف پی آئی اے کی پرواز 786 کے ذریعے (کل سوموار کے روز ) صبح 8 بجے اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ مسلم ن نواز کے ترجمان وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے شریف خاندان کی واپسی کی اطلاعات کی تصدیق کی ہے۔