عیدالفطر کا آج دوسرا روز، سیر سپاٹے تو کہیں دعوتیں،کل کے میزبان آج بنیں گے مہمان

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )عیدالفطر کا آج دوسرا روز،کل کے میزبان آج بنیں گے مہمان۔
تفصیلات کے مطابق آج کسی کے میکے میں دعوت ہے تو کوئی سسرال جائے گا جبکہ منچلوں نے سیر سپاٹوں کا پروگرام بنا رکھا ہے ، کھابوں اور موج مستی کے پلان تیار ہیں ۔میٹھی عید کے دوسرے دن کو بھی شہریوں نے بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں کر رکھی ہیں ،کوئی دوستوں کے ساتھ مصروف ہے تو کہیں دعوتوں کے دوران ہلے گلے کا پروگرام ہے۔عید ہے تو دوستوں کے ساتھ پارٹی تو بنتی ہے، نوجوان مل جل کر فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کا رخ کریں گے اور گپ شپ لڑا کر من ہلکا کریں گے، شام کو سینما گھروں کا ٹائم سیٹ بھی کر لیا ہے۔
کل کے میزبان آج کے بنیں گے مہمان، گھروں میں لذیذ پکوان بنیں گے، مزے مزے کی ڈشوں سے مہمانوں کی تواضع ہوگی۔عیدالفطر کے پہلے روز بھی بچوں نے خوب سیر سپاٹے کیے، آج بھی موج مستی کریں گے، پارکوں میں بھی جھولوں سے لطف اندوز ہوں گے۔خواتین کا بھی اپنی سہیلیوں کے ساتھ گھومنے کا پروگرام ہے، بڑے بزرگ بھی اپنی منڈلیاں لگائے بیٹھے ہیں اور اپنی دلچسپیوں میں مگن ہیں۔
"دنیا نیوز " کے مطابق لاہور میں عید کے دوسرے روز شہریوں نے ناشتے کے لیے دکانوں کا رخ کر لیا، کوئی فیملی کو ساتھ لایا تو کوئی دوستوں کے ہمراہ آیا، مزیدار بونگ پائے، چنے کوفتہ اور حلوہ پوری سے لطف اندوز ہوتے شہری کہتے ہیں تہوار کا مزہ تو اب آیا ہے۔