میانمار میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 2700 سے تجاوز کر گئی

میانمار میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 2700 سے تجاوز کر گئی
میانمار میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 2700 سے تجاوز کر گئی
سورس: RawPixel

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نیپیداو (ڈیلی پاکستان آن لائن)میانمار میں گزشتہ ہفتے آنے والے شدید زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 2700 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 4500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں اور کئی افراد تاحال لاپتا ہیں۔ حکومتی جنتا نے منگل کے روز تصدیق کی کہ یہ تباہ کن زلزلہ ملک کی تاریخ کے سب سے شدید زلزلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

نیوز 18 کے مطابق میانمار کے فوجی سربراہ مِن آنگ ہلائنگ نے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 2719 ہو چکی ہے اور یہ تعداد 3000 سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق زخمی افراد کی تعداد 4521 ہے جبکہ 441 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

ریسکیو ٹیموں اور امدادی اداروں نے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر رہائش، خوراک اور پانی کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ تاہم ملک میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے متاثرین تک امداد پہنچنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

یہ زلزلہ جمعے کے روز دوپہر کے وقت آیا تھا اور اس کی شدت 7.7 تھی، جو جنوب مشرقی ایشیائی ملک میانمار میں ایک صدی سے زائد عرصے میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔ اس زلزلے کے باعث قدیم پاگوڈا اور جدید عمارتیں بھی زمین بوس ہو گئیں۔