"مافیا میری بہنوں کو فروخت کرنا چاہتا تھا، عزت بچانے کیلئے انہیں مارا" نوجوان نے ماں اور 4 بہنوں کو قتل کرکے ویڈیو پیغام جاری کردیا
لکھنؤ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں ایک ہوٹل کے اندر ایک 24 سالہ نوجوان ارشد نے اپنی ماں اور چار بہنوں کو قتل کر دیا۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد ارشد نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی جس میں اس نے الزام لگایا کہ اس کے علاقے کے لوگ اور لینڈ مافیا ان کے گھر پر قبضہ کر کے اس کی بہنوں کو فروخت کرنے کی سازش کر رہے تھے۔
ویڈیو میں ارشد نے اپنی ماں اسماء اور بہنوں عالیہ (9 سال)، عائشہ (19 سال)، اقصیٰ (16 سال) اور رحما (18 سال) کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ اس نے بتایا کہ اس نے اپنی بہنوں کا گلا گھونٹا اور ان کی کلائیوں کو کاٹ دیا، اور یہ سب اس نے اپنے والد کی مدد سے کیا۔ ویڈیو میں ارشد نے بتایا کہ ان کا خاندان پچھلے 15 دنوں سے سخت سردی میں فٹ پاتھ پر رہنے پر مجبور تھا کیونکہ ان کے گھر پر قبضہ کر لیا گیا تھا۔
اس نے کہا "ہم نے بہت کوشش کی حکام سے فریاد کی لیکن کسی نے ہماری مدد نہیں کی۔ انہوں نے ہمارے گھر کے آدھے حصے پر قبضہ کر لیا اور باقی پر بھی قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ وہ ہماری بہنوں کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے، اس لیے ہمیں یہ قدم اٹھانا پڑا۔"
این ڈی ٹی وی کے مطابق ارشد نے ویڈیو میں کچھ افراد کے نام لیے، جن میں رانو، آفتاب، علیم خان، سلیم، عارف، احمد اور اظہر شامل ہیں۔ ملزم نے ان پر الزام لگایا کہ وہ لینڈ مافیا سے تعلق رکھتے ہیں اور لڑکیوں کی سمگلنگ کرتے ہیں۔ ارشد نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرانے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔
ارشد نے ویڈیو میں بتایا کہ ان کا خاندان مذہب تبدیل کرنا چاہتا تھا تاکہ سکون سے زندگی گزار سکے۔ اس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا "ہمیں زندگی میں انصاف نہیں ملا، لیکن ہماری موت کے بعد ہمیں انصاف دیا جائے۔ ان مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے۔"
لکھنؤ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس روینا تیاگی نے بتایا کہ یہ قتل لکھنؤ کے ہوٹل شراں جیت میں ہوا۔ فورنزک ٹیم نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور ارشد کو موقع واردات سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ارشد نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ ان کی زمین پر ایک مندر تعمیر کیا جائے اور ان کا سامان یتیم خانے کو عطیہ کر دیا جائے تاکہ ان کی روح کو سکون مل سکے۔ ارشد نے اپنے بیان کے آخر میں کہا "ہم نے ان کی عزت بچائی۔ ہماری بہنوں کو بیچا جاتا، اس سے بہتر تھا کہ ہم انہیں خود مار دیں۔"