ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ،پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی:فریال تالپور
شہداد کوٹ (آن لائن) پیپلز پارٹی کی رہنماءفریال تالپور نے کہا ہے کہ سندھ اور وفاق میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ این اے 207 کی امیدوار فریال تالپور نے کہا کہ سندھ اور وفاق میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، پیپلز پارٹی کے امیدوار چاروں صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ شیخ برادری کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پانچ سالہ دور اقتدار میں عوام کے مسائل کے حل سمیت ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، ان شاءاللہ دوبارہ بھی پی پی کی جیت ہوگی ۔انہوں نے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ سٹی میں ڈور ٹو ڈور ورک شروع کی جائے تاکہ 11 مئی کو پولنگ سٹیشنز پر زیادہ سے زیادہ ووٹ کاسٹ ہوسکیں۔ دریں اثناءکارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی نوابزادہ عامر مگسی نے کہا کہ پی پی کی سونامی میں مخالفین بہہ جائیں گے، پی پی کی مقبولیت بدستور برقرار رکھ کر مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں، پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے باشعور عوام سہانے خواب اور جھوٹے وعدے کرنے والوں کو مسترد کرے گی۔ واضح رہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر فریال تالپور نے درجنوں ذاتی محافظوں کے حصار میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔