صدر اور وزیر اعظم کے طیاروں کے لیے 1.8 ارب روپے کی منظوری

صدر اور وزیر اعظم کے طیاروں کے لیے 1.8 ارب روپے کی منظوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں متعدد اہم فیصلوں اور گرانٹس کی منظوری دی گئی ہے۔

ای سی سی نے پاسکو کے ذخائر سے گندم کی فراہمی کی سمری منظور کر لی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق، وزیر اعظم آفس کے لیے 25 کروڑ 27 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کر لی گئی ہے، جو وزیر اعظم ہاؤس اور اسٹاف کالونی میں شہری خدمات کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔

وزیر اعظم اور صدر کے زیر استعمال ایئرکرافٹ کے انجن کی بحالی کے لیے ایک ارب 80 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ ای پاسپورٹ سسٹم کی خریداری کے لیے 2 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔

اجلاس میں فلڈ رسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لیے 30 ارب روپے کی گرانٹ کی سمری کی منظوری دی گئی ہے، جو سیلاب متاثرین کی بحالی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

اس کے علاوہ، نیب کے اخراجات پورا کرنے کے لیے 37 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔ چائنہ میں تجارتی اور سرمایہ کاری مشن کی سپورٹ کے لیے 22 کروڑ 67 لاکھ روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

مزید :

قومی -