تنخواہیں نہ ملنے پر جناح ہسپتال کراچی کے ینگ ڈاکٹرز سراپااحتجاج
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)تین ماہ سے زائد عرصے سے تنخواہ نہ ملنے پر جناح اسپتال کراچی میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ایک بار پھر سراپا احتجاج بن گئی، مطالبات کی عدم منظوری پر جمعرات سے احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان کر دیا۔
جناح ہسپتال میں ہونے والے احتجاج کے دوران ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور ڈاکٹرز نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاجی ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اگر تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی تو علامتی ہڑتال کے بجائے کام چھوڑ ہڑتال کریں گے۔ اگر دو دن میں تنخواہیں جاری نہ ہوئیں تو وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور او پی ڈی کا بائیکاٹ کر دیں گے، تیمارداروں کی جانب سے ڈاکٹروں پر تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔