میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، فیصل آباد اور بہاولپور میں دفعہ 144 نافذ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت پنجاب نے میانوالی میں 7 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
نجی ٹی وی چینل" دنیا نیوز" کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، پابندی کا اطلاق میانوالی میں دہشتگردی خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی، پابندی کا اطلاق یکم اکتوبر سے سوموار 7 اکتوبر تک ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا، رینجرز کی 2 کمپنیاں یکم سے 3 اکتوبر تک تعینات ہوں گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی، سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کر دی۔
حکومت پنجاب نے فیصل آباد، بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق بدھ 2 اکتوبر سے جمعرات 3 اکتوبر تک فیصل آباد، بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ فیصل آباد، بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دفعہ 144 کا نفاذ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی جبکہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں اور عوامی آگاہی کیلئے انکی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے۔