چور اور کرپٹ لیڈر آج ایک جگہ جمع ہو گے ،شکست خوردہ عناصر کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی:چوہدری فواد رسول بھلر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا ہے کہ عمران خان نے جونئے پاکستان کا خواب دیکھا تھا عوام نے ان کو مینڈیٹ دے دیا ہے،شکست خوردہ عناصر کی پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنےکی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کینٹ میں پارٹی ورکرز کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فواد رسول بھلر کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو قوم نے مسترد کیا ہے وہ اسلام آباد میں اپنی سیاسی بقا کے لئے اکٹھے ہوئے ،پوری قوم نے آج ٹی وی سکرینوں پر دیکھا کہ ماضی میں ایک دوسرے کو چور ،ڈاکو اور کرپٹ ترین کے القابات دینے اور آصف علی زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی بڑھکیں مارنے والے شہباز شریف اسی پیپلز پارٹی کی قیادت کو دائیں بائیں بٹھا کر متحدہ اپوزیشن کے دعوے کرتے ہوئے شرمندہ شرمندہ دکھائی دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور آنے والے سالوں میں پوری قوم ایک بدلا ہوا پاکستان دیکھے گی جہاں آئین اور قانون کی مکمل عملداری ہو گی ،نئے پاکستان میں قومی دولت کو لوٹنے کی بجائے عوامی منصوبوں پر خرچ ہو گی اور جس نے بھی کرپشن کی اسے پارٹی میں ’’لاڈلا ‘‘ اور چہیتا بنانے کی بجائے عبرت کا نشان بنایا جائے گا ۔ چوہدری فواد رسول بھلر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ورکرز جی حضوری اور خوشامد پسندی کی بجائے اپنی جماعت کے عہدے داروں پر نظر رکھے ہوئے ہے ،ہمیں جہاں محسوس ہوا کہ ہماری حکومت میں ماضی کی فرسودہ روایات کو فروغ دیا جا رہا اور کرپٹ عناصر کو نوازا جا رہا ہے تو کارکن خاموش نہیں رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہعوام نے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے ویژن پر ووٹ دیا ہے،عمران خان کی زیر قیادت پاکستان میں اب مدینہ جیسی ریاست قائم ہوگی جہاں سب کے حقوق یکساں ہونگے،چور اور کرپٹ لیڈر آج ایک جگہ جمع ہو گے ہیں تاکہ تحریک انصاف کو پاکستانی عوام کی خدمت کرنے سے روکا جائے لیکن تحریک انصاف ان تما م مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود حکومت بنائے گی اور ملک و قوم کی خوشحالی کے لئے ایسا کام کرے گی جسے صدیوں یاد رکھا جائے گا ۔