ریلوے کا معذور اور نابینا افراد کو ٹرین ٹکٹوں میں 50 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹرین مسافروں کو ٹکٹوں میں 50 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق پاکستان ریلوے نے معذور مسافروں کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انہیں ٹرینوں کے ٹکٹ پر 50 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان ریلوے کے مطابق ملک بھر میں تمام معذور مسافر سوائے گرین لائن ٹرین کے تمام ایکسپریس اور مسافر ٹرینوں میں 50 فیصد رعایت کے ساتھ سفر کر سکیں گے۔تاہم اس رعایت سے صرف وہی لوگ مستفید ہو سکیں گے جو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حامل ہوں گے اور ان کے شناختی کارڈز پر معذوری کے حوالے سے معلومات درج ہوں گی۔
پاکستان ریلوے کے مطابق ایسے معذور مسافر جو بصارت سے محروم ہوں گے، ان کے ساتھ آنے والے اٹینڈنٹ بھی رعایتی کرایوں کے اہل ہیں۔محکمہ ریلوے نے اس رعایت کے اعلان کے ساتھ ہی بڑے سٹیشنوں پر خصوصی بکنگ کاؤنٹرز، قابل رسائی واش رومز اور وہیل چیئرز بھی متعارف کرائی ہیں جبکہ جلد ان سہولتوں کا دائرہ مزید 12 ریلوے سٹیشنوں تک وسیع کر دیا جائے گا۔