چیمپینز ٹرافی، پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں

چیمپینز ٹرافی، پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ معاہدے کی تفصیلات سامنے ...
چیمپینز ٹرافی، پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

جیونیوز کے ذرائع کے مطابق پاکستان معاہدہ پیسے کیلئے نہیں بلکہ عزت کیلئے کرے گا، اور یہ مجوزہ معاہدہ صرف چیمپینز ٹرافی تک محدود نہیں ہوگا، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ تین سال کیلئے طے کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک برابری کی سطح پر ایک دوسرے کے خلاف آئی سی سی ایونٹس نیوٹرل وینیوز پر کھیلیں گے۔

بھارتی میڈیا نے دعوٰی کیا ہے کہ چیمپینز ٹرافی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل قبول کرلیا ہے۔ انڈیا ٹوڈے نے ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند شرائط کے ساتھ غیر جانب دار وینیو پر بھارت کے میچ کرانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ایک شرط یہ بھی ہے کہ اگر بھارت ٹورنامنٹ میں آگے نہ بڑھ سکا تو فائنل لاہور میں کروایا جائے گا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ اگر بھارت نے آئی سی سی کے کسی ایونٹ کی میزبانی کی تو پاکستان بھی اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی نے ایسی شرائط رکھی ہیں جن کا بنیادی مقصد پاکستان کے حقِ میزبانی کو ہر حال میں محفوظ رکھنا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس جمعہ 29 نومبر کو ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا گیا کہ اب چیمپینز ٹرافی کے انعقاد کی واحد قابلِ قبول صورت یہ ہے کہ بھارت کے میچ نیوٹرل وینیو پر کروائے جائیں۔

 یادرہے کہ  چیمپینز ٹرافی کی میزبانی کا حق پاکستان کو 2021 میں دیا گیا تھا۔ پی سی بھی نے ٹورنامنٹ کے لیے تین گراؤنڈ تیار کروائے ہیں۔ بھارت کے تمام گروپ میچ اور ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں سیمی فائنل اور فائنل بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں آگے نہ بڑھ سکی تو سیمی فائنل اور فائنل لاہور میں کروایا جائے گا۔

آئی سی سی پر پی سی بی نے واضح کردیا ہے کہ جس طور بھارت نے کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے بالکل اُسی طور کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کے میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف ہائبرڈ فارمولا نہیں، کوئی بھی فارمولا بنا تو برابری کی بنیاد پر بنے گا، ون سائڈڈ کام نہیں ہوسکتا، ہم جائیں اور وہ نا آئیں ایسا نہیں ہوسکتا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بہت ساری چیزیں چل رہی ہیں، اس لیے زیادہ بولنا نہیں چاہ رہا، ایسا فیصلہ آنا چاہیے جس سے کرکٹ کی جیت ہو، کرکٹ بورڈز کی کوشش ہے کہ وِن وِن والی صورتحال ہو، ہم وہ چیز کریں گے جو کرکٹ کیلئے بہترین ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے ضروری پاکستان کی عزت ہے، آئی سی سی کو کہا ہے کہ ایسا راستہ اختیار کریں جو سب کو قبول ہو، جو بھی فارمولا ہوگا وہ صرف چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں بلکہ لانگ ٹرم ہوگا۔

مزید :

کھیل -اہم خبریں -