یو اے ای دنیا بھر میں جدت اور ترقی کی قابل تقلید مثال ہے: مریم نواز
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) دنیا بھر میں جدت اور ترقی کی قابل تقلید مثال ہے۔
اپنے ایک بیان میں مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کے عوام کو 53 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای سے پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں جدت اور ترقی کی قابل تقلید مثال ہے، یو اے ای نے قدیم روایات کی پاسداری کرتے ہوئے ترقی کی معراج حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ورک فورس نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا، یو اے ای کے قومی دن پر اپنے بہن بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، متحدہ عرب امارات مسلم دنیا کا اہم ترین ملک ہے، یو اے ای کی ترقی دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا پورا ساتھ دیا ہے، یو اے ای کی اقتصادی اور سفارتی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، یو اے ای کی مزید ترقی اور استحکام کے لئے دعا گو ہوں۔