اب سپریم کورٹ میں مقدمہ ملتوی کرنے کی درخواستیں نہیں سنیں گے:چیف جسٹس آف پاکستان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اعلان کیاہے کہ اب سپریم کورٹ میں مقدمہ ملتوی کرنے کی درخواستیں نہیں سنیں گے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے3 رکنی بینچ نے اراضی اسکینڈل کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران ایک فریق کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست پر فاضل جج صاحبان برہم ہوگئے۔ جسٹس اعجاز افضل کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ کیا ججز مقدمات ملتوی کرنے عدالت آتے ہیں۔ جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ججز رات دیر تک مقدمات کی فائل پڑھ کرعدالت آتے ہیں لیکن صبح عدالت آکر پتہ چلتا ہے وکیل پیش نہیں ہوگا لہذا کسی وکیل کو پیش نہیں ہو نا تو پہلے بتا دیا کریں، پہلے بتا دیا جائے تو ججز توجہ دیگر مقدمات پر مرکوز رکھیں۔
مزیدپڑھیں:معروف صحافی رؤف کلاسرا کی چینی سفارت کار سے شدید لڑائی ہوگئی , انتہائی شرمناک جملہ کہہ دیا
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت عظمی کیس ملتوی کرنے کی درخواستیں سننے کے لیے نہیں، ٹھنڈ اور نزلہ زکام ہمیں بھی ہوتا ہے تاہم معمولی بات پر کیس ملتوی کرنے کے بجائے وکیل پیش ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ لگانے کے لیے عدالت کے عملے کو بہت کام کرنا پڑتا ہے اس لیے بڑے پیار سے کہتا ہوں مقدمہ ملتوی کرنے کی درخواستیں نہ دیں۔