مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک کیلئے تیار ہیں، علی امین گنڈاپور کا حکومت کو انتباہ
پشاور(آئی این پی) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک کیلئے تیار ہیں، یہ لوگ شام اور بنگلادیش کی طرح ہیلی کاپٹرمیں بھاگیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کیلئے مذاکرات کر رہے ورنہ ان کیساتھ مذکرات بنتے بھی نہیں، موجودہ حکومت نے مینڈیٹ چوری کیا عوام کے ووٹوں کے بغیر آئی ہے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ امید ہے مذکرات میں ہمارے مطالبات منظور کیے جائیں گے، اگر مطالبات منظور نہیں کیے گئے تو پھر ہم تحریک کیلئے تیار ہیں، مطالبات میں بانی پی ٹی آئی سمیت جتنے اسیران ہے ان کی رہائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 9مئی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے، 26نومبر کی تحقیقات کی جائیں اور مینڈیٹ چوری کیا ہوا ہے فارم 47 ان لوگوں کے پاس نہیں وہ دکھائیں۔وزیراعلی کے پی نے مزید کہا کہ ہمارے مطالبات میں حقیقی آزادی بھی شامل ہیں، حکومت آئین اورقانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے، 2025حقیقی آزادی کا سال ہو گا۔انھوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات میں ہمارے مطالبات پر بات نہیں کی جائے گی تو پھر ان لوگوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیں گے، یہ لوگ پھرشام اور بنگلادیش کی طرح ہیلی کاپٹرمیں بھاگیں گے، لیکن ہم لوگ انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، ہم ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ مذکرات کے لیے بیٹھو اوراپنی غلطی تسلیم کرو،انسان بن جاؤاگر نہیں بنتے توپھر ہمیں بنانا آتا ہے، ہمارے پاس عوامی طاقت ہے، بیرونی طاقتوں کی ضرورت نہیں، بیرونی طاقتوں کا سہارا تو یہ لوگ لیتے ہیں، فضل الرحمان اور حیدر ہوتی نے خود مانا پی ٹی آئی کی حکومت کیسے گرائی گئی۔
علی امین