دونوں عالمی جنگیں، وبائیں اور بہت کچھ دیکھنے والی دنیا کی معمر ترین خاتون چل بسیں، عمر کتنی تھی؟
ٹوکیو (ڈیلی پاکستان آن لائن) جاپان سے تعلق رکھنے والی دنیا کی معمر ترین خاتون "تومیکو اِتوکا" 116 سال کی عمر میں 29 دسمبر کو چل بسیں ۔ جاپان کے جنوبی شہر اشیا کے میئر نے ہفتے کے روز ایک بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تومیکو اِتوکا 23 مئی 1908 کو جاپان کے شہر اوساکا میں پیدا ہوئیں، جو اشیا کے قریب واقع ہے۔ وہ دنیا کی سب سے معمر خاتون کے طور پر اس وقت تسلیم کی گئیں جب اگست 2024 میں سپین کی ماریا برنیاس موررا 117 سال کی عمر میں چل بسیں ۔ تومیکو کے چار بچے اور پانچ پوتے پوتیاں ہیں۔ انہوں نے 2019 سے ایک نرسنگ ہوم میں رہائش اختیار کی ہوئی تھی، جہاں وہ اپنی زندگی کے آخری ایام گزار رہی تھیں۔
تومیکو نے اپنی زندگی میں دو عالمی جنگیں، وبائیں، اور ٹیکنالوجی کی بے شمار ترقی دیکھی ۔ طالب علمی کے دور میں وہ والی بال کی کھلاڑی تھیں جبکہ بڑھاپے میں انہیں کیلپِس (جاپان کا مشہور دودھیا مشروب) اور کیلے پسند تھے۔
جاپانی خواتین عموماً طویل عمری کی شہرت رکھتی ہیں، لیکن ملک ایک بگڑتے ہوئے آبادیاتی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی بوڑھی آبادی کی وجہ سے طبی اور فلاحی اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سکڑتی ہوئی افرادی قوت اس کا بوجھ اٹھانے کے لیے ناکافی ہو رہی ہے۔ ستمبر 2024 تک کے اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں 85 ہزار سے زیادہ افراد کی عمر 100 سال یا اس سے زیادہ ہے، جن میں سے 88 فیصد خواتین ہیں۔ ملک کی مجموعی آبادی 124 ملین ہے، جس میں تقریباً ایک تہائی افراد کی عمر 65 سال یا اس سے زیادہ ہے۔