وزیراعظم کا انسانی سمگلرز کی جائیدادیں اور اثاثے ضبط کرنے کیلئے قانونی کارروائی کا حکم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے انسانی سمگلرز کی جائیدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لئے فوری قانونی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق انسانی سمگلنگ کے خلاف کئے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، انسانی سمگلرز کے خلاف سخت تعزیری کارروائی بھی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مو¿ثر بنایا جائے، استغاثہ کے لئے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلا تعینات کئے جائیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندا چلانے والے پاکستانیوں کے لئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور ان کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات کرے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کے لئے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں ایسے ٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے، جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ پیشہ ور افراد بیرون ملک مارکیٹ کو فراہم کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی سکریننگ کا عمل مزید مو¿ثر بنایا جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات، سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے قانون سازی کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ یونان اور لیبیا میں کشتی حادثوں کے نتیجے میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے متعدد پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے، اس کے بعد وزیر اعظم نے ایف آئی اے کو سخت کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سے درجنوں انسانی سمگلرز گرفتار کئے جاچکے ہیں۔
ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران اپنے محکمہ کے افسران اور سرکاری عہدیداروں کے خلاف بھی ایکشن لیا ہے۔