"میرا ایک گھنٹہ 14 لاکھ کا، میں برتن دھونے جیسے سستے کام نہیں کرسکتا" بھارتی سی ای او نے نئی بحث چھیڑ دی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی نژاد سی ای او روی ابووالا نے آن لائن ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے پچھلے چار سالوں میں ایک بھی برتن نہیں دھویا کیونکہ ان کا وقت اتنا قیمتی ہے کہ ایسے کاموں پر خرچ نہیں کیا جا سکتا۔
روی ابووالا نے اپنی لنکڈ اِن پوسٹ میں لکھا کہ یہ سستی کی بات نہیں کیونکہ ان کا وقت پانچ ہزار ڈالر (تقریباً 14 لاکھ روپے) فی گھنٹہ کی قیمت رکھتا ہے۔ جب کہ برتن دھونے والے کو فی گھنٹہ 15 ڈالر (تقریباً 4200 روپے) ملتے ہیں، اس لیے فرق واضح ہے۔
سی ای او کے مطابق کم قیمت والے کاموں کو دوسرے افراد کے حوالے کرنے سے وہ زیادہ اہم اور قیمتی کاموں پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں جو ان کے کاروباری اہداف کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے لکھا "15 ڈالر فی گھنٹہ کے کام چھوڑیں اور پانچ ہزار ڈالر فی گھنٹہ کے کام شروع کریں۔ اسی طرح آپ ترقی کرتے ہیں۔"
روی ابووالا 2019 سے Scaling With Systems کے سی ای او ہیں۔ ان کی کمپنی کوچز اور ایجنسیوں کو اپنے کاروبار کو مؤثر اور منافع بخش انداز میں بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔ ابووالا نے 2016 میں فلوریڈا سٹیٹ یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات اور سیاسیات میں ڈبل بیچلر ڈگری حاصل کی۔ دورانِ تعلیم وہ آنرز پروگرام کا حصہ رہے اور انویسٹمنٹ بینکنگ کلب کے نائب صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔