چیئرمین پی سی بی کا انتخاب التواء کا شکار، آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز میں کون شریک ہو گا؟ نام سامنے آ گیا
لاہور(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ میٹنگز 10سے 13 جولائی کو ہوں گی،میٹنگز میں پاکستان کی نمائندگی قائم مقام چیئرمین احمد شہزاد فاروق رانا کریں گے۔پی سی بی چیئرمین کا انتخاب التوا کا شکار ہونےکی وجہ سے الیکشن کمشنر قائم مقام چیئرمین ہیں۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع سے کہاہے کہ یہ میٹنگز ساؤتھ افریقا کے شہر ڈربن میں ہوں گی، بورڈ،ایگزیکٹوز اور دیگر اہم امور میٹنگز میں زیر بحث آئیں گے،آئی سی سی میٹنگز میں سالانہ رپورٹ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہوگی۔میٹنگ میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ اور آئندہ برس کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے امور پر بھی بات ہوگی جب کہ امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز کے لیے انفرا اسٹرکچر کی رپورٹ پیش کی جائےگی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے میزبان ویسٹ انڈیز اور امریکا ہیں، انفرا اسٹرکچر کی رپورٹ کی روشنی میں امریکا میں میچز کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا ۔ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی سی سی پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے ممبرز کو بریف کرے گا، میٹنگز کی سائیڈلائنز پرپی سی بی عہدیداران ممبرز ممالک کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس کے علاوہ ایشیاکپ کے میچز میں اضافے اور دیگر امور پر بھی اے سی سی کے ممبرز سے سائیڈلائنز پربات ہوگی، میٹنگز میں پاکستان کی نمائندگی قائم مقام چیئرمین احمد شہزاد فاروق رانا کریں گے۔پی سی بی چیئرمین کا انتخاب التوا کا شکار ہونےکی وجہ سے الیکشن کمشنر قائم مقام چیئرمین ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی او او سلمان نصیر کا قائم مقام چیئرمین کے ہمراہ ڈربن جانےکا امکان ہے۔