پیپلز پارٹی کیسی سیاست کرتی ہے؟ سرفراز بگٹی نے بتا دیا
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست کرتی ہے، بلوچستان کے عوام کو مکمل روڈ میپ دیں گے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر اپنے خطاب میں پی پی رہنما سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو گورننس اور دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں گورننس کے چیلنجز کو قبول کر کے ان کا مقابلہ کرنا ہے۔ ایجوکیشن سیکٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، سکولوں کو فعال کریں گے۔ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ سے صحت کے شعبے میں بہتری لائیں گے۔ ڈویژنل سطح پر سندھ جیسے ہسپتال قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔ مل جل کر بلوچستان میں گورننس کے بحران کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بندوق کے زور پر کوئی کسی کو انصاف فراہم نہیں کر سکتا، آج کے بعد بلوچستان میں نوکریاں نہیں بیچی جائیں گی، میرٹ پر دیں گے۔ آج یا کل گوادر کی گلیوں سے پانی نکالنے پر کام شروع ہو گا، صوبے کے انفراسٹکچر کی ذمہ داری ہماری ہے، بلوچستان کے عوام کو مکمل روڈ میپ دیں گے۔