پٹرولیم مصنوعات کے نرخ نہ بڑھانے کا فیصلہ

پٹرولیم مصنوعات کے نرخ نہ بڑھانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حکومت نے اوگرا کی سفارشات رد کر دیں اور پٹرولیم مصنوعات کی سابقہ قیمتیں برقرار رکھی ہیں، آئندہ پندرہ روز(15مئی) یہی نرخ رہیں گے۔اوگرا نے مجموعی طور پر پانچ سے دس روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش کی تھی، سب سے زیادہ اضافہ پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے سے زائد فی لیٹر کی سفارش کی گئی تھی۔یکم اپریل سے صارفین کو معمولی ریلیف دی گئی اور پٹرول ایک روپیہ کے قریب سستا کیا گیا تھا۔اس مرتبہ اضافہ تجویز کر دیا گیا۔یہ امر عیاں ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کی خبر شائع ہو تو اشیاء کے نرخ بڑھ جاتے ہیں۔اگرچہ کمی کی صورت میں فرق نہیں پڑتا،جیسا کہ پچھلی بار ہونے والی کمی سے کوئی فرق نہ پڑا۔اگر سفارشات قبول کر کے قیمت بڑھا دی جاتی تو اشیاء خوردنی اور ضرورت کے نرخ بھی بڑھ جانا تھے،جو پہلے ہی زیادہ ہیں۔اس کے ساتھ ہی وفاقی محکمہ شماریات کے حوالے سے بھی خبر شائع ہوئی کہ رمضان المبارک کے تیسرے ہفتے میں بھی آٹا اور چینی سمیت12اشیاء کے نرخ بڑھ گئے۔20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مزید 25روپے، چینی72پیسے فی کلو اور بکرے،گائے کے گوشت کے ساتھ آلو اور چاول بھی مہنگے ہوئے ہیں۔پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ نہ کرنا اچھا اقدام ہے، تاہم ابھی تک مہنگائی کے حوالے سے کچھ بھی نہیں ہو سکا، کھلے بازاروں کو ان کی مرضی پر چھوڑ دیا گیا اور رمضان بازاروں کے بارے میں شکایات جاری ہیں۔البتہ ایل پی  جی30روپے سستی ہوئی ہے۔

مزید :

رائے -اداریہ -