ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
پریشان نہ ہوں انشاءاللہ بڑی امید ہے کہ اللہ پاک آپ کی مشکلات کا کوئی اسباب ضرور بنا دیں گے اور آپ کے لئے آگے زندگی گزارنا آسان ہو جائے گا لیکن ایک مرتبہ اپنے تمام حالات کا از سرِ نو جائزہ لے لیں کہ کس مقام پر غلطیاں ہوئی ہیں تاکہ ان کی ٹھیک طریقے سے اصلاح کی جا سکے جو لوگ ایسا کرلیں گے وہ اپنے لئے بڑی آسانیاں حاصل کرلیں گے۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
جن امور میں دشواریاں آ رہی ہیں،پہلے آپ ان کو اچھی طرح سے غور کرکے چیک کریں کہ اس میں آپ کی تو کوئی غلطی نہیں ہے۔ اس میں اگر ایسا ہوا تو پہلے اس کو ٹھیک کریں ،توبہ کریں اور حقوق العباد کا اچھی طرح سے خیال رکھیں۔ پھر اللہ سے بھی امید لگائیں کہ وہ آپ کے معاملات ٹھیک فرما دیں گے۔ ان دنوں اپنے روزگار پر خاص توجہ بھی دیں۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
اپنے دل کے ہاتھوں مجبور ہوکر کسی جانب کوئی غلط قدم نہیں اٹھانا اور کسی مقصد کے پیچھے نہیں بھاگنا۔ انشاءاللہ جو نصیب میں ہوگا وہ آپ کو مل کر رہے گا اور آپ کے لئے سیدھا راستہ ہی کامیابی کا ہے۔ آپ نماز کی طرف توجہ دیں اور جن اپنوں اور غیروں کی طرف سے پریشانیاں مل رہی ہیں ، ان سے فاصلہ طے کرنا دوری رکھنا ہی آپ کے لئے بہتر ہے۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
دعا کریں یہ سب سے بڑا وظیفہ ہے اس سے بڑھ کر اور کچھ نہیں ہے مگر پورے توکل کے ساتھ۔ جو لوگ ادھر اُدھر بھٹک رہے ہیں اور دوسروں کے سامنے دست ِسوال کرتے ہیں وہ گناہ ہے۔ دینے والی تو اللہ کی ذات مبارک ہے، آپ اس سے اپنی پریشانیوں کے لئے اور ضرورتوں کے لئے کیوں نہیں التجا کرتے، اگر کریں گے تو وہ ضرور آپ کو ہر چیز عطا فرمائے گا جو آپ کے حق میں بہتر ہوگی۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
ایک سو بار درود شریف صبح اور شام پڑھنا اپنا معمول بنالیں اور سورئہ قلم کی آخری دوآیات بھی اپنی روٹین میں رکھیں۔ انشاءاللہ ہر طرح کی بدنظری سے محفوظ رہیں گے اور جو راستے رکاوٹیں دے رہے ہیں ،جہاں سے بھی مشکلات مل رہی ہیں اس کا خاتمہ ہو جائے گا۔ آپ کو اس جگہ سے سب کچھ ملے گا جہاں سے آپ کا گمان بھی نہیں تھا، بس توبہ بھی ضروری ہے۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
جن امور میں رکاوٹیں محسوس کررہے ہیں، اس کے لئے روزانہ 450مرتبہ حسبنا اللہ و نعیم الوکیل کا ورد کرلیا کریں ان شاءاللہ وہ دور ہونا شروع ہو جائیں گے اور دعا کریں کہ اے اللہ جو میرے حق میں بہتر ہے مجھے اس راستے پر ڈال دے یا میرے حق میں اس تمام کو آسان فرما دے ، یہ توکل آپ کو کس طرح کامیابیاں دلاتی ہیں اس کا آپ کو اندازہ بھی نہیں۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
اگر صحت کے حوالے سے معاملات خرابی ظاہر کررہے ہیں تو پھر یا کریم یا سلام یا حی یا قیوم کا ورد 1000مرتبہ روازنہ ضرور کریں، اپنی نظر اتاریں، راشن کی صورت میں حسب ِتوفیق صدقہ بھی دیں تو انشاءاللہ سب کچھ ٹھیک ہوتا چلا جائے گا۔ جو لوگ روزگار کو بدلنا چاہتے ہیں وہ پہلے استخارے سے کام لیں ، اس میں جو جواب آئے اس حساب قدم اٹھائیں۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
ہر وقت کسی نہ کسی پریشانی میں رہنا ڈپریشن کا مریض بنا دیتا ہے اور ہونا تو وہی ہے جو میرے اللہ نے چاہنا ہے۔ پھر ہماری آپ کی کیامرضی۔ تو پھر کیوں نہ اس کی رضا پر راضی رہا جائے تاکہ وہ ہم سے خوش رہے پھر زندگی میں کیسا دکھ اور پریشانی، اصل میں ہم اپنے راستے سے بھٹک گئے جو مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں توبہ کرکے واپس آ جائیں بس۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
لالچ کریں گے کسی بھی قسم کا تو الٹا گلے پڑ جائے گا اور اگر سوچ لیں گے کہ جو نصیب میں ہوگا وہ آپ تک خود بخود پہنچ کر رہے گا تو زندگی گزارنی آسان بھی ہو گی اور بابرکت بھی۔ آپ فکر مند نہ ہوں آپ کا رزق آپ تک ضرور آ جائے گا کہ یہ میرے اللہ کا وعدہ ہے،بلاوجہ خود کو مشکل میں نہ ڈالیں، ورنہ پریشانیاں ہی حصے میں آئیں گی۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
اگر آپ دل کے صاف ہیں اور ہر ایک کے ساتھ مخلص تو پھر آپ کے ساتھ کچھ بُرا نہیں ہوگا اور اگر دو چیزوں کے ساتھ دنیاداری کررہے ہیں تو پھر مسئلے تو پیدا ہوں گے ، آپ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہیں۔ آپ کی بھی پریشانیاں کیسے ختم ہوتی ہیں اور کس اندازہ سے ختم ہوتی ہیں، آپ کو گمان بھی نہ ہوگا کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے۔ شکر ادا کریں اور سیدھا راستہ اختیار کریں۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
سارا دن دماغ پر کسی نہ کسی کا اگر بوجھ محسوس کررہے ہیں تو استخارہ ضرور کریں تاکہ اصل حقیقت معلوم ہو سکے، ممکن ہے کوئی درمیانی مسئلہ اور وجہ ہو جو آپ کو دکھائی نہ دے رہی ہو۔ استخارے سے جو معلوم ہو، آپ اس کو غور سے سوچیں پھر اس لحاظ سے اپنی اصلاح کریں جو غلطیاں ہوئی ہیں، ان کی معافی مانگیں اللہ پھر راضی ہوں گے تو راستے بھی کھول دیں گے۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
آپ چھوٹی موٹی باتوں کو لے کر ہرگز پریشان نہ ہوا کریں ورنہ بیمار ہوجائیں گے ، اللہ کسی بندے کا بُرا نہیں کرتے۔ بندہ ہی ہے جو اپنا خو دبُرا کرتا ہے، دل جذبات خیالات اگر قابو میں رہیں تو انسان بہت سی مشکلات اور خرابیوں سے بچ جاتا ہے۔ جب اپنے خیالات میں خرابی لائے گے موبائل کا استعمال فضول کاموں میں ہوگا تو مسئلے خودبخود بن جائیں گے، فی الحال صدقہ دیں۔