ہماری جماعت نے سلیکٹیڈ وفاقی حکومت کو مسترد کیا ، سید نوید قمر کے حکومت پر تابڑ توڑ حملے
ٹنڈومحمدخان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید نوید قمر نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نے سلیکٹیڈ وفاقی حکومت کو مسترد کیا ، نیازی حکومت نے مہنگائی کے بوجھ تلے غریب عوام کو پیس کر رکھ دیا ہے،ہر روز نئی سوچ تبدیل ہوتی رہتی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ ٹنڈومحمدخان کے نوجوانوں کو تعلیم اور صحت کی ہرممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ انہیں تعلیم اور صحت کی سہولتیں میسر آ سکیں، لا ءکالج 7 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے دو سالوں کے اندر مکمل ہو سکے گا ، لاء کالج کے قیام سے نوجوا ن وکیل اور جج بنیں گے اور علاقے کی عوام کی بے لوث خدمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کا پاکستان پر براہ راست اثر پڑ رہا ہے، افغان مہاجرین پاکستان کے مختلف علاقوں میں آباد ہو رہے ہیں جس سے یہاں کی معشیت پر اثر پڑے گا ،نیازی حکومت میں مہنگی ایل این جی خریدنے اور شوگر سکینڈل عوام کے سامنے ہے، جس میں ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔