قلم قتلے
O کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون سازی کرنا ہو گی!سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی
Oقانون بن بھی گیا تو عملدرآمد کون کرا سکے گا؟ ہمارا ملک ماشاء اللہ ایسا انوکھا منفرد ملک ہے جس میں وزیر قانون لازمی ہے، قانون نہیں۔۔۔!
O سپریم کورٹ سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہیئے،جس کا خمیازہ برسوں تک برداشت کرنا پڑے۔ رانا ثناء اللہ
Oگویا سپریم کورٹ کو فیصلہ لکھتے وقت ’’ماہرِ قانون‘‘ وزیر رانا ثناء اللہ سے ڈکٹیشن لینی چاہئے۔
O عوام کے مقبول ترین لیڈر پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ شہباز شریف
*بے شک عمران خان جیسے مقبول عوامی لیڈر پر بے بنیاد الزام بلکہ الزام تراشی سے کسی کے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔
Oمیں عمران خان کے پاکستان کے ساتھ الحاق نہیں کرسکتا۔ راجہ فاروق حیدر خاں وزیراعظم آزاد کشمیر
Oعمران خان کا پاکستان کہاں ہے؟ یہ قائداعظمؒ کا پاکستان ہے۔ جس کے ساتھ کشمیریوں کی کمٹمنٹ ہے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور جس کے لئے قائداعظم نے کہہ رکھا ہے ’’پاکستان کشمیر کی شہ رگ ہے‘‘!۔
Oسازشیں اور منفی سیاست کرنے والوں کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔شہبازشریف
Oچلئے رسوائی تو ملے گی نا:
ہم طا لبِ شہرت ہیں ہمیں ننگ سے کیا کام
بدنام اگر ہوں گے تو کیا نام نہ ہو گا؟
Oعمران خان نے مجھے ہمیشہ احترام دیا۔ ناز بلوچ
Oجادو وہ جو سر چڑھ کر بولے۔ ناز بلوچ پارٹی چھوڑ چکی ہیں، مگر اپنے سابق لیڈر کی صفائی میں حق سچ کا دامن نہیں چھوڑا یہ ہے ایک باکردار عورت کا اور عائشہ گلا لئی کا فرق۔
O’’اے او ٹلّی اے جیڑی ہر ویلے نئیں وجدی‘‘ شیخ رشید کے لئے روحیل اصغر کی رائے
* ’’تے جدوں وجدی اے ساریاں نو وجا کے رکھ دیندی اے۔!‘‘
O نئے وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر قومی اسمبلی میں مہمانوں کی گیلریاں کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں۔
O مہمانوں کی یا شیخ رشید پر حملہ آوروں کی؟
* میرے خلاف ریفرنسز کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی۔
* فائدہ نہیں ہو گا تو نقصان کیا ہو گا؟ نفع نہ نقصان عوض، معاوضہ گِلہ ندارد۔
O نواز شریف نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑا مارا۔ ایک اینکر پرسن
* بے شک:
مَیں خود تھا اپنی جان کے پیچھے پڑا ہُوا
میرا شمار بھی تو مرے دشمنوں میں تھا
(ناصِر زیدی)
O وزیراعظم ہاؤس منتقل نہیں ہوں گا F-7میں اپنے گھر میں رہوں گا۔! وزیراعظم
* البتہ گھر کی ’’لیپا پوتی‘‘ تزئین و آرائش 45دن کے لئے سرکاری خرچ پر ہو جائے گی۔ہینگ لگے نہ پھٹکری رنگ بھی چوکھا آئے۔۔۔ ایسے ہی موقع پر کہتے ہیں!
O شاہد خاقان عباسی کی شاہ محمود قریشی کو گلے لگانے کی کوشش ناکام۔۔۔’’پاکستان‘‘ کی سرخی
* بات یہ ہے بقولِ عدم:
گلے ملتے ہیں آپس میں جو دو بچھڑے ہوئے ساتھی
عدم ہم بے سہاروں کو بڑی تکلیف ہوتی ہے
O مرّبے اور اچار میں کیڑے،اچار کو پھپھوندی اور اُلّی لگی پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی
* پھپھوندی یا اُلّی نہ لگی ہوتی تو کیا ورق مروارید لگے ہوتے؟
O پاناما ڈرامے کا اصل ڈائریکٹر مشرف،عمران اس کا ایک کردار۔۔۔ احسن اقبال
* کمال ہے پرویز مشرف کا پہلا ہی ڈراما ہٹ ہو گیا۔آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا؟
***