آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ، گنتی کا عمل جاری

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ، گنتی کا عمل جاری
آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ، گنتی کا عمل جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

باغ(ڈیلی پاکستان آن لائن)  آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا جبکہ گنتی کا عمل جاری ہے۔  آج پونچھ ڈویژن کے چار  اضلاع راولا کوٹ، باغ، پلندری اور حویلی میں ووٹنگ کا  مرحلہ پر امن طور پر مکمل ہو گیا،کشمیری عوام 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر پرجوش دکھائی دیئے ۔ چاروں اضلاع کی 787 نشستوں پر انتخابات میں آٹھ  خواتین سمیت تین  ہزار 859 امیدوار مدمقابل ہیں۔ووٹنگ کے لیے ایک  ہزار 867 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں نو  ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے سیکیورٹی فرائض سرانجام دئیے ۔

 آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا سہرا وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپوزیشن کی تمام تر مخالفت اور  وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا ۔  دن بھر ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں گھروں سے پولنگ سٹیشن پہنچتے رہے ۔ ضلع باغ کی 28 یونین کونسلز میں 1256 امیدوار مدمقابل تھے ۔ 300692 ووٹرز نے اپنے اپنے بلدیاتی نمائندوں کو ووٹ دیا۔باغ میں مرد ووٹرز کی تعداد 158033 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 142654 ہے۔ مردانہ پولنگ سٹیشن 158 اور زنانہ پولنگ سٹیشن 153 قائم کیے گئے تھے ۔ کل سٹاف جو ڈیوٹیاں سر انجام دے رہا ہے 2922 افراد پر مشتمل ہے۔ حساس ترین پولنگ سٹیشن کی بات کی جائے تو 84 پولنگ سٹیشن حساس ترین قرار دیئے گئے تھے جبکہ 219 حساس ڈکلیئر ہوئے، جن پر اضافی نفری تعینات کی گئی تھی ۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال کے بارے میں کنٹرول روم میں قائم کیا گیا تھا ، ضلعی انتظامیہ بھی الرٹ رہی جبکہ اکا دکا مقامات پر ووٹرز کے درمیان نوک جھوک بھی دیکھنے میں آئی تاہم مجموعی طور پر دوسرے مرحلے میں بھی ووٹنگ کا عمل پر امن رہا، آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو مبارکباد دی ہے جبکہ کشمیری عوام نے کہا ہے کہ سردار تنویر الیاس کی قیادت میں کشمیریوں کو 31 سال بعد اپنے مقامی نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملا ہے، آج کشمیریوں کے لئے تاریخی موقع ہے اور کشمیری عوام انتہائی پر جوش ہیں، تحریک انصاف نے کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔