لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سینٹر بنائیں گے
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہےکہ سپیشل ہیروز کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔خصوصی افراد اپنے جذبے سے دنیا کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سینٹر بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سپیشل افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کے سپیشل ہیروز کو سلام، آپ ہمارا فخر ہیں۔ معاشرے کی اصل خوبصورتی یہ ہے جب سپیشل ہیروز کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم ہوں۔پنجاب حکومت خصوصی افراد کی زندگیوں کو آسان اور باوقار بنانے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ نادار سپیشل ہیروز کے لیے“ہمت کارڈ”لانچ کیا ہے۔ ہمت کارڈ سے نادار سپیشل افراد کو ہر سہ ماہی میں ساڑھے دس ہزار روپے ملے گا۔ سپیشل افراد اورنج لائن،لاہور، ملتان اور راولپنڈی میٹروبس میں بھی ہمت کارڈ کے ذریعے مفت سفر کرسکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سپیشل ہیروز کو ہیرنگ ایڈ، ویل چیئر اور مصنوعی اعضاء بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سینٹر بنائیں گے۔ خصوصی تعلیم کے فروغ کے لیے جدیدسہولیات سے آراستہ سینٹر قائم کیے جارہے ہیں۔ سپیشل ہیروز کے لیے میرے در ہمیشہ کھلے ہیں۔ ان شاء اللہ پنجاب ایسی ترقی کرے گا کہ کوئی بھی ترقی سے پیچھے نہ رہے گا۔