پاکستان کے24ویں وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا،شہباز شریف اور عمر ایوب میں مقابلہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے24ویں وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا،شہباز شریف اور عمر ایوب میں مقابلہ ہوگا۔
قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔وزارت عظمیٰ کے لیے اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے گئے جو سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے وصول کیے۔شہباز شریف کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کے بھی کاغذات جمع کرائے گئے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق شہباز شریف کے لیے 8 اور عمر ایوب کے لیے 4 کاغذات نامزدگی جمع کرائےگئے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا۔
یادرہے کہ 336 رکنی ایوان میں وزارت عظمیٰ کے لیے 169 ووٹ درکار ہیں اور اتحادی جماعتوں کو 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
مسلم لیگ (ن) کو پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت حاصل ہے جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں اور ایوان میں ان کے اراکین کی تعداد 91 ہے۔