پرائمری سکولوں کی بندش کے بعد سموگ کے تدارک کیلئے ایک اور بڑا اقدام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سموگ کی سنگین صورتحال کے پیش نظر لاہور میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
ادارہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی رات بھاری گاڑیاں لاہور میں داخل نہیں ہوسکیں گی، تاہم ایندھن، ادویات، ہسپتال اور کھانے کی اشیا کی سپلائی کرنیوالی ہیوی ٹرانسپورٹ کو پابندی سے استثنیٰ ہوگا۔
اسی طرح وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی حامل مسافربسوں، ایمبولینس، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 کی گاڑیوں، پولیس اور جیل کی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی پر 188 پی پی سی سمیت دیگر قوانین کے تحت سزا دی جائے گی جبکہ پابندی کا اطلاق 8 نومبر سے31 جنوری 2025 تک ہوگا۔