میں اپنے ہی آرڈر کا خود ہی شکار ہو گیا تھا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے پی ٹی آئی کیخلاف توہین عدالت درخواست پر ریمارکس
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں 24نومبر احتجاج پر پی ٹی آئی کیخلاف توہین عدالت درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق حکومت اور انتظامیہ پر برہم ہو گئے، چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ آپ نے اسلام آبادایسے بند کیا کہ ججز اور میں بھی نہیں آ سکا، میں اپنے ہی آرڈر کا خود ہی شکار ہو گیا تھا۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں24نومبر احتجاج پر پی ٹی آئی کیخلاف توہین عدالت درخواست ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق حکومت اور انتظامیہ پر برہم ہو گئے،چیف جسٹس نے کہاکہ آپ نے امن وامان بحال کرنا تھا، آپ نے پورا اسلام آبادد بند کردیا،درخواستگزار نے کہا تھا ہمارا کاروبار چلنے دیں،آپ نے ہر جگہ میڈیا پر کہا ہائیکورٹ کے آرڈر پر اجازت نہیں دے رہے،عدالت نے کہاتھا شہریوں، تاجروں سمیت مظاہرین کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں،پی ٹی آئی سے بھی پوچھوں گا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کی،درخواستگزار کا کیا قصور تھا؟ان کاکاروبار کیوں بند کیا؟
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی،حکومت وکیل ملک عبدالرحمان نے کہاکہ کچھ رپورٹس آ گئی ہیں ، کچھ ابھی آنا باقی ہیں،عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ کیا آپ پہلی بار عدالت آئے ہیں؟ماہرانہ رائے وہاں دینی تھی،چیف جسٹس نے کہاکہ آپ نے اسلام آبادایسے بند کیا کہ ججز اور میں بھی نہیں آ سکا، میں اپنے ہی آرڈر کا خود ہی شکار ہو گیا تھا،ان سے بھی پوچھوں گا کہ حکومت سے لڑائی میں شہریوں کا کیا قصور تھا؟اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتو ی کردی۔